مغربی افغانستان میں افغان فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ،ننگرہار میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے تین عسکریت پسند ہلاک ،کابل میں ایک حملے میں افغان رکن پارلیمان زخمی

بدھ 28 دسمبر 2016 13:21

کابل ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) مغربی افغانستان میں افغان فوج کا ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہوگیا،ننگرہار میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے،کابل میں ایک حملے میں افغان رکن پارلیمان زخمی ہوگئے۔افغان میڈیا کے مطابق افغان نیشنل آرمی کا ہیلی کاپٹرصوبہ ہرات میں گر کر تباہ ہوگیا،سرکاری ذرائع نے واقعے کی تصدیق کی ہے تاہم اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

طالبان کی طرف سے جاری ہونے والے ایک بیان میں دعویٰ کیا گیاہے کہ یہ ہیلی کاپٹر شین ڈنڈ ایئرفیلڈ سے جارہاتھا کہ طالبان نے اسے مار گرایا ۔بیان میں ہلاکتوں کا دعویٰ بھی کیا گیاہے۔قبل ازیں اس طرح کی اطلاعات بھی موصول ہوئی تھیں کہ ہیلی کاپٹر میں مقناطیسی بم نصب کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

مشرقی افغانستان میں امریکی جاسوس طیارے کے حملے میں داعش کے تین عسکریت پسند ہلاک ہوگئے۔

مقامی حکام نے بتایا کہ امریکی جاسوس طیارے نے ہسکہ مینہ کے علاقہ لنگری میں شدت پسندوں کے ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا۔کابل میں افغان رکن پارلیمان ایک حملے میں زخمی ہوگئے۔افغان حکام کے مطابق بدھ کو کابل کے ضلع سکس میں رکن پارلیمان فاخری بہشتی کی گاڑی کے قریب زوردار دھماکہ ہوا جس کے نتیجے میں رکن پارلیمان زخمی ہوگئے۔بعض اطلاعات کے مطابق یہ ایک خودکش حملہ تھا تاہم حکام نے کہاہے کہ حملے میں مقناطیسی بم کااستعمال کیا گیا۔

حکام کے مطابق دھماکہ میں دیگر کئی ارکان ہلاک وزخمی ہوگئے ہیں۔ابھی تک کسی تنظیم یا گروپ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔دریں اثناء تاجکستان کے سرحدی محافظین کی فائرنگ سے دو افغان شہری ہلاک ہوگئے۔حکام کے مطابق یہ واقعہ تعلقان سرحد کے قریب ہوا ۔