وزیراعظم چشمہ میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کے افتتاح کے موقع پرخوشگوار موڈ

پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے اقتصادی راہداری منصوبے‘ نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں چین کے تعاون کا خیرمقدم ،چینی سرمایہ کاروں کو مختلف منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت چین کے ساتھ پہلی مرتبہ نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں تعاون کیلئے ابتدائی مذاکرات میں نے کئے تھے،سرتاج عزیز ملک میں ترقی کے لئے آپ کی بھی بہت نمایاں خدمات ہیں، وزیراعظم کاسرتاج عزیز کی بات پر جواب پانی اور بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے سی ون تھرٹی طیارے میں چشمہ پہنچے چین کے سفیر سن وی ڈونگ ان دنوں چھٹیاں لے کر چین گئے ہوئے ہیں، 6جنوری کو پاکستان آجائیں گے،قائم مقام چینی سفیر

بدھ 28 دسمبر 2016 16:38

چشمہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 28 دسمبر2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے چشمہ میں نیوکلیئر پاور پلانٹ کے ایک اور منصوبے کا باضابطہ افتتاح کردیا ‘ افتتاحی تقریب میں وزیراعظم نواز شریف انتہائی خوشگوار موڈ میں تھے اور انہوں نے پاک چین دوستی کو مزید مستحکم بنانے ‘ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے‘ نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں چین کے تعاون کو سراہتے ہوئے چینی سرمایہ کاروں کو مختلف منصوبوں میں مزید سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دی‘ وزیراعظم نے اپنی لکھی ہوئی تقریر سے ہٹ کر انگریزی میں بھی کچھ دیر خطاب کیا‘ اس موقع پر وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزیر پانی و بجلی اور دفاع خواجہ محمد آصف‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز‘ پانی و بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی‘ پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین محمد نعیم اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کو خصوصی طیارے میں مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے بتایا کہ چین کے ساتھ پہلی مرتبہ جب نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں تعاون پر بات چیت شروع ہوئی تھی تو ابتدائی مذاکرات انہوں نے کئے تھے لیکن انہیں چشمہ کا دورہ کرنے کا موقع نہیں ملا تھا اور آج پہلی مرتبہ وہ چشمہ آئے ہیں اور یہاں چشمہ ون ‘ ٹو پہلے ہی کام کررہے ہیں اور تھری کا آج افتتاح کیا جارہا ہے جس پر وزیراعظم نے سرتاج عزیز سے کہا کہ ملک میں ترقی کے لئے آپ کی بھی بہت نمایاں خدمات ہیں۔

ایک مرحلے پر وزیراعظم جب خطاب کررہے تھے تو وزیراعظم کی اردو سے چینی زبان میں تقریر کا ترجمہ کرنے والی مترجم نے جب کچھ غلطیاں کیں اور وزیراعظم نے انگریزی میں خطاب کیا تو اس کا انتہائی مختصر ترجمہ کیا جس پر وزیراعظم نے مترجم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ آپ نے بہت مختصر ترجمہ کیا ہے اس کی کیا وجہ ہے جس پر وہ شرمندہ ہوگئی۔ وزیراعظم نے اپنی تقریر کے آخر میں پاک چین دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا اور مترجم سے کہا کہ وہ اس کا چینی زبان میں صحیح ترجمہ کریں۔

جب اس نے چینی زبان میں ترجمہ کیا تو چینی وفد اور چینی انجینئرز نے زبردست تالیاں بجا کر اس کا خیر مقدم کیا۔ وزیراعظم نے اپنے خطاب میں چشمہ تھری پاور پلانٹ میں کام کرنے والے اور پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ملازمین کو دو ماہ کا بونس دینے کا بھی اعلان کیا اور کہا کہ کارکنوں کی محنت کے نتیجے میں ہی یہ منصوبہ مکمل ہوا ہے۔ وزیراعظم جب افتتاحی تقریب کے لئے چشمہ پہنچے تو پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے چیئرمین کے علاوہ چین کے قائمقام سفیر لیجان چائو اور دیگر حکام نے ان کا استقبال کیا اور وزیراعظم کو بتایا کہ چین کے سفیر سن وی ڈونگ ان دنوں چھٹیاں لے کر چین گئے ہوئے ہیں اور وہ 6جنوری کو پاکستان واپس آجائیں گے۔

اس موقع پر چینی سفیر نے چشمہ تھری اور دیگر منصوبوں کے لئے چین کی طرف سے کئے جانے والے تعاون اور دیگر امور پر وزیراعظم کو بریف کیا۔ وزیراعظم جب تقریب سے واپس جانے لگے تو چینی وفد سے شیڈول سے ہٹ کر انہوں نے ملاقات کی اور دونوں ملکوں میں نیوکلیئر انرجی کے شعبے میں تعاون کو مزید فروغ دینے اور مظفر گڑھ میں منصوبہ شروع کرنے کے امور پر بات چیت کی۔

ہیلی پیڈ پر مسلم لیگ (ن) کے میانوالی سے رکن قومی اسمبلی عبید الله شادی خیل نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی اور میانوالی کی ترقیاتی سکیموں اور حلقے کے امور پر بات چیت کی۔ پانی اور بجلی کے وزیر مملکت عابد شیر علی افتتاحی تقریب میں شرکت کے لئے سی ون تھرٹی طیارے میں دیگر حکام کے ہمراہ چشمہ پہنچے تھے جبکہ وزیراعظم کے طیارے میں وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف‘ مشیر خارجہ سرتاج عزیز اور چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل مزمل حسین اور سینئر صحافی موجود تھے تاہم چشمہ سے واپسی پر وزیراعظم عابد شیر علی کو اپنے خصوصی طیارے میں بٹھا کر اسلام آباد واپس لائے۔