حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے چشمہ تھری نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح قوم کیلئے بڑی خوش خبری ہے ، تعلیم ، صحت اور تجارت میں نجی شعبہ کا کردار بہت اہم ہے، ماحول سازگار ہوگا تو ہماری صنعت ترقی کرے گی، ملک میں فلمی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام پر کام جاری ہے، نوجوانوں کے ذریعہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جاسکتا ہے، جب 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی تو یہ آسان سفر نہیں تھا، وزیراعظم کے وژن کے تحت کام کرکے معیشت کی ترقی اور توانائی بحران پر قابو پایاگیا، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو 17 گھنٹوں سے کم کرکے تین گھنٹوں پر لایا گیا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے، وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب کا اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب

بدھ 28 دسمبر 2016 20:11

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 دسمبر2016ء) وزیر مملکت برائے اطلاعات، نشریات و قومی ورثہ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ حکومت عوام سے کئے گئے وعدوںکی تکمیل کی جانب گامزن ہے، وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے چشمہ تھری نیوکلیئر پاور پلانٹ کا افتتاح قوم کیلئے بڑی خوش خبری ہے ، تعلیم ، صحت اور تجارت میں نجی شعبہ کا کردار بہت اہم ہے، ماحول سازگار ہوگا تو ہماری صنعت ترقی کرے گی، ملک میں فلمی صنعت کی ترقی کے وسیع مواقع موجود ہیں، اس صنعت کی ترقی بین الاقوامی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں معاون ثابت ہو گی۔

انہوں نے فلم انڈسٹری کی بحالی کیلئے بزنس کمیونٹی کے تعاون پر زور دیا۔ وزیراعظم کے تعلیمی اصلاحات پروگرام پر کام جاری ہے، نوجوانوں کے ذریعہ پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کیا جاسکتا ہے، جب 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی تو یہ آسان سفر نہیں تھا، وزیراعظم کے وژن کے تحت کام کرکے معیشت کی ترقی اور توانائی بحران پر قابو پایاگیا، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو 17 گھنٹوں سے کم کرکے تین گھنٹوں پر لایا گیا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو یہاں اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورہ کے موقع پر تاجر برادری سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ صنعت وتجارت کے ساتھ ان کا دیرینہ تعلق ہے، صنعتی ترقی سے نوجوانوں کو روزگار کے وسیع مواقع میسرآئیں گے ، ماحول سازگار ہوگا تو ہماری صنعت ترقی کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے دہشت گردی کے خلاف موثر حکمت عملی اپنائی اور پاکستان کی تاریخ کی پہلی انڑنل نیشنل سیکورٹی پالیسی دی، دہشت گردی کی دیمک ملک سے چمٹی ہوئی تھی تاہم حکومت نے اس ضمن میں اپنی ذمہ داریاں ادا کیں، آپریشن ضرب عضب شروع ہوا اور کراچی آپریشن کے ذریعے شہر کی رونقیں بحال کیں، اب بھی کراچی میں بہت کام کرنے کی ضرورت ہے۔

وزیرمملکت نے کہا کہ پاکستان کی تعمیروترقی میں نجی شعبہ کا کردار بہت اہم ہے ، صنعتی ترقی سے نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میسرآئیں گے ، نوجوانوںکے ذریعہ پاکستان کے مثبت تشخص اور پاکستان کی ثقافت اور اقدارکو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم ، صحت اورتجارت میں نجی شعبہ کا کردار اہم ہے، ایوان صنعت وتجارت مستقبل کے منصوبوں کیلئے تجاویز دیں ۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ حکومتی اقدامات کے باعث افراط زر ملکی تاریخ کی کم ترین سطح پرہے، حکومت معیشت کی ترقی کے لئے پرعزم ہے، موثر حکمت عملی سے معیشت کی ترقی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیلنجزپرقابو پانے کیلئے تاجربرادری کو حکومت کا ساتھ دینا ہوگا،دوسرے ممالک میں حکومت اورنجی شعبہ مل کر کام کررہا ہے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ملک میں وزیراعظم تعلیمی اصلاحات پروگرام پرکام جاری ہے ، پروگرام کے تحت سکولوں کو جدید سہولیات سے آراستہ کیا جارہا ہے، سکولوں میں کمپیوٹر لیب تک نہیں ہوتی تھیں جس پر وزیراعظم نے ذاتی دلچسپی لی اور اب سکولوں کو کمپیوٹر لیب کی فراہمی یقینی بنائی جارہی ہے، حکومت تعلیم اورصحت کی سہولیات کی فراہمی کے لئے موثر انداز میں کام کررہی ہے اور وزیراعظم صحت پروگرام کے تحت صحت کے شعبہ کی ترقی کیلئے کام کیاجارہا ہے۔

وزیرمملکت مریم اورنگزیب نے تاجر برادری کے سوالوں کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت صنعتی شعبہ میں خواتین کے کردار کو بڑھانے کیلئے کام کررہی ہے اور اس سلسلے میں موثرحکمت عملی اپنائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کی تجاویزکو سامنے رکھتے ہوئے الیکٹرانک اورپرنٹ میڈیا پر صنعتی اورزرعی شعبوں کے حوالے سے خصوصی پروگرام کے انعقادکی تجاویز پر بات کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کے تعاون سے فلمی صنعت کی کھوئی ہوئی ساکھ کودوبارہ بحال کرنے کی ضرورت ہے جس میں ترقی اوربہتری کی وسیع گنجائش موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ثقافت اور اقدار کے مطابق اپنی فلمی صنعت کو مضبوط کرنا ہوگا۔ وزیر مملکت نے کہا کہ وزارت اطلاعات ونشریات کے تحت صحافیوں کی تربیت کیلئے ایک جامع پروگرام شروع کرنے کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے اور کوشش ہے کہ صنعتی شعبہ کی رپورٹنگ کے حوالے سے بھی صحافیوں کیلئے تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کروایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام کے تحت کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کیلئے نوجوانوں کوکاروبار شروع کرنے کے مواقع فراہم کئے جارہے ہیں۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جب 2013ء میں ہم نے حکومت سنبھالی تو یہ آسان سفر نہیں تھا، وزیراعظم کے وژن کے تحت کام کرکے معیشت کی ترقی اور توانائی بحران پر قابو پایاگیا، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کو 17 گھنٹوں سے کم کرکے تین گھنٹوں پر لایا گیا ہے جو کہ بہت بڑی کامیابی ہے، حکومتی اقدامات کے مثیت نتائج سامنے آرہے ہیں، حکومت صنعتی شعبہ کوزیرو لوڈ شیڈنگ کے تحت توانائی کی فراہمی بھی یقینی بنارہی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری انسانی وسائل کی ترقی میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے ، موجودہ دور پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کا دور ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ورکنگ گروپس تشکیل دے کر ملک وقوم کی ترقی کیلئے کام کرنا چاہئے، یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ہم ملک وقوم کا مثبت تشخص دنیا کے سامنے پیش کریں۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ملک کی ترقی کا ایک اہم منصوبہ ہے ، سی پیک کی اہمیت اورافادیت سے متعلق آئندہ سال کے شروع میں آگاہی سیمینار کا انعقاد کیا جائے گا۔

اس موقع پر اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر خالد اقبال نے 20جنوری سے 22 جنوری 2017ء تک آئی سی سی آئی کے زیراہتمام ہونے والی’’ ویمن انٹرپرینیورز بزنس ایگزیبیشن‘‘ میں وزیرمملکت کو مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کی دعوت دی۔وزیرمملکت کو اسلام آباد چیمبرآف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اوردیگرعہدیداروں نے کاروباری سرگرمیوں اور آئی سی سی آئی کے کے کردار کے حوالے سے بریفنگ بھی دی۔

بعد میں ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات نے کہا کہ عوام کو تحریک انصاف سے امیدیں وابستہ کرکے مایوسی ہوئی ہے، وزیراعظم نے پی ٹی آئی کو صوبہ میں کارکردگی دکھانے کا مشورہ دیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات پی ٹی آئی کی ناکامی کا واضح ثبوت ہیں، تحریک انصاف پری پیچور انتخابی موڈ میں جانے کی بجائے کارکردگی پر توجہ دے۔