نظریہٴ پاکستان اس مملکت خداداد کی بنیاد ہے، سید غوث علی شاہ

نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ وطن عزیز کا واحد ادارہ ہے جو پاکستان کے اساسی نظریے کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے، عہدیداران سے گفتگو

بدھ 28 دسمبر 2016 21:11

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2016ء) نظریہٴ پاکستان اس مملکت خداداد کی بنیاد ہے۔ قائداعظم محمد علی جناحؒ نے اسی نظریے کی بنیاد پر متحدہ ہندوستان میں ایک الگ اسلامی مملکت کے حصول کی جدوجہد میں کامیابی حاصل کی۔نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ وطن عزیز کا واحد ادارہ ہے جو پاکستان کے اساسی نظریے کے تحفظ اور فروغ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

تمام محب وطن جماعتوں اور افراد کو اس ادارے کی مضبوطی کے لیے کام کرنا چاہئے۔ اس ادارے کو پروان چڑھانے کے لیے اس کے سابقہ چیئرمین اور آبروئے صحافت محترم مجید نظامی نے انتھک محنت کی۔ یہ انہی کی محنت کا اعجاز ہے کہ آج یہ ادارہ پاکستانی قوم کی ملی و قومی امنگوں کا مظہر بن چکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے بورڈ آف گورنرز کے رکن‘ معروف مسلم لیگی رہنما اور سندھ کے سابق وزیراعلیٰ سید غوث علی شاہ نے ایوان کارکنان تحریک پاکستان کے دورہ اور نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کے وائس چیئرمین پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد‘ سیکرٹری شاہد رشید اور دیگر عہدیداران سے ملاقات کے موقع پر کیا۔

(جاری ہے)

سید غوث علی شاہ نے کہا کہ وہ جب بھی لاہور آتے ہیں‘ اس ادارے میں آنا ضروری خیال کرتے ہیں۔ ایوان کارکنان تحریک پاکستان میرے گھر کی مانند ہے اور مجھے یہاں آ کر بے حد خوشی ہوتی ہے۔ یہ ہمارے راہبر اور دوست محترم مجید نظامی کا لگایا ہوا پودا ہے جو وقت گزرنے کے ساتھ ایک گھنے شجر کی صورت اختیار کر گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ محترم مجید نظامی سے میرا 1970ء کی دہائی سے قلبی تعلق رہا جب ان کی دعوت پر میں نے یوم اقبالؒ کی تقریب میں شرکت کے لیے لاہور آنا شروع کیا۔

یہ ادارہ ان کا ورثہ ہے اور میری دعا ہے کہ خدائے بزرگ و برتر ہمیں ان کے اس ورثے کی حفاظت اور اسے مزید مضبوط بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ انہوں نے کہا کہ ان کے وصال کے بعد جناب محمد رفیق تارڑ نے اس ادارے کی باگ ڈور سنبھالی ہے جو ایک انتہائی ایماندار اور دانش مند شخصیت ہیں۔ ان کی خدمات سے ہر کوئی شناسا ہے اور مجھے یقین کامل ہے کہ وہ اس ادارے کو مزید ترقی اور عروج سے ہمکنار کریں گے۔

سید غوث علی شاہ نے کہا کہ پاکستان ہماری شناخت اور پہچان ہے اور آج ہم جو کچھ بھی ہیں‘ اس ملک کی بدولت ہیں۔ یہ ملک دو قومی نظریے کی بنیاد پر معرض وجود میں آیا اور ہماری بقاء اس نظریے سے مضبوط کے ساتھ جڑے رہنے میں ہے۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کے دل و دماغ میں قیام پاکستان کے حقیقی اسباب و مقاصد کو جاگزیں کریں اور انہیں باور کرائیں کہ بھارت ہمارا ازلی دشمن ہے جس نے آج تک پاکستان کی آزادی کو دل سے تسلیم ہی نہیں کیا۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کا کردار کلیدی اہمیت کا حامل ہے اور یہ بڑی جانفشانی سے پاکستان کے اساسی نظریے کو نئی نسل تک منتقل کر رہا ہے۔ تمام پاکستانیوں بالخصوص مسلم لیگی ذہن رکھنے والے افراد کو چاہئے کہ اس ادارے کے دست و بازو بنیں اور اسے مضبوط سے مضبوط تر بنانے میں کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت نے ہماری شہ رگ کشمیر پر عرصہٴ دراز سے غاصبانہ قبضہ کر رکھا ہے اور جب تک وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی ملی امنگوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل نہیں کرتا‘ اس کے ساتھ دوستانہ تعلقات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔

پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد اور محترم شاہد رشید نے سید غوث علی شاہ کو نظریہٴ پاکستان ٹرسٹ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ اور ماہنامہ نظریہٴ پاکستان اور ماہنامہ ہونہار کے تازہ شمارے پیش کیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رپورٹ ادارے کی قوم ساز سرگرمیوں کی عکاس ہے اور مجھے بھی ان میں شریک ہونے سے قلبی خوشی ہوتی ہے۔ انہوں نے ان مطبوعات کے معیار طباعت اور مندرجات پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ ان کے طفیل عوام الناس اور نوجوانوں کو تحریک قیام پاکستان کے مختلف گوشوں‘ مشاہیر تحریک پاکستان کی حیات و خدمات نیز اس مملکت خداداد کی عظمت و اہمت سے شناسائی حاصل ہو رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :