مضبوط اور با اختیار بلدیاتی نظام حکومت کی تشکیل کی طرف گامزن ہیں،چوہدری شیر علی خاں

بدھ 28 دسمبر 2016 21:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 دسمبر2016ء) صوبائی و زیرمعدنیات و کان کنی چوہدری شیر علی خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب مقامی سطح پر لوگوں کے مسائل کے حل اور عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کی تکمیل کیلئے مضبوط اور با اختیار بلدیاتی نظام حکومت کی تشکیل کی طرف گامزن ہی- صوبہ بھر میں نئے بلدیاتی نظام سے معاشی استحکام اور تعمیر و ترقی کا خواب پورا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بات مسلم لیگی بلدیاتی نمائندوں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی- چوہدری شیر علی خاں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے مقامی حکومتوں کیلئے تعمیر و ترقی اور فلاحی منصوبوں کی مد میں اربوں روپے کی خطیر رقم مختص کی ہی- صوبہ بھر میں صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ضلعی اتھارٹی اگلے سال جنوری سے فعال ہوگی جس سے مقامی سطح پر روزگار، تعلیم ، صحت، سکولوں میں مسنگ سہولیات کی فراہمی و تزئین و آرائش، اساتذہ کے تبادلوں سمیت سرکاری ملازمین اور دیگر معاملات کیلئے صوبائی دارلحکومت کے چکر نہیں لگانے پڑیں گے اور مسائل مقامی حکومتوں کے تحت نچلی سطح پر حل ہوں گے - انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو گذشتہ دور سے بڑھ کر اختیارات دیے ہیںاور ترقیاتی فنڈز صرف اور صرف منتخب بلدیاتی نمائندوں کو جاری کیے جائیں گے جس میں ارکان صوبائی اسمبلی کا کوئی کردار نہیں ہوگا- ارکان اپنے فیصلے خود کر سکیں گے اور یہی وزیر اعلی محمد شہباز شریف کا ویژن ہے کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار اور مضبوط بنایا جائی- انہوں نے کہا کہ اس سال ضلعی اور تحصیل کونسل نے ارکان صوبائی اسمبلی کو کوئی بجٹ نہیں دیا- چوہدری شیر علی نے کہا کہ بلدیاتی نظام چلانے کیلئے نو منتخب چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کی ٹرینگ محکمہ لوکل گورنمنٹ لالہ موسیٰ کے ٹریننگ انسٹیٹیوٹ سے جدید اور سائنسی انداز میں کروائی جائے گی- انہوں نے کہا کہ یونین کونسل کی سطح پر ویجیلنس سیل کا قیام بھی عمل میں لایا جارہا ہے جبکہ ایشیئن ڈویلپمنٹ بنک کی طرف سے صوبہ کے پانچ شہروں میں عوام کو سیوریج، واٹر سپلائی ، سالڈ ویسٹ مینجمٹ، ٹرانسپورٹ اور دیگر سہولیات کیلئے 600ملین ڈالر کی خطیر رقم سے منصوبہ شروع کیا جا رہا ہے - ابتدائی طور پر اس منصوبے کا آغاز سیالکوٹ اور ساہیوال سے کیا جائے گا۔