ایچ ای سی نے داخلوں کیلئے مفت ٹیسٹ سروس متعارف کروادی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 29 دسمبر 2016 13:30

ایچ ای سی نے داخلوں کیلئے مفت ٹیسٹ سروس متعارف کروادی

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29 دسمبر 2016ء):ایچ ای سی نے داخلوں کے لیے مفت ٹیسٹ سروس متعارف کروا دی جس کے تحت ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل کے تمام اخراجات ایچ ای سی کی جانب سے ادا کیے جائیں گے جبکہ ٹیسٹ کے نتائج دو گھنٹے میں جاری ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے ملک بھر کی سرکاری ونجی جامعات اور انسٹی ٹیوٹس کے داخلوں کے ٹیسٹ کیلئے اپنا علیحدہ ادارہ ” ایجوکیشن ٹیسٹنگ کونسل “ (ای ٹی سی ) تشکیل دے دیا ہے ۔

یہ ادارہ اُمیدواروں کو داخلے کے امتحان کی مفت خدمات فراہم کرے گا۔ اس اقدام سے ایجوکیشن ٹیسٹنگ سروس کا مقابلہ نیشنل ٹیسٹنگ سروس (این ٹی ایس ) سے ہوگا۔این ٹی ایس مختلف اداروں سے فی امیدوارداخلہ ٹیسٹ کے عوض 500 روپے وصول کرتا ہے ۔

(جاری ہے)

جبکہ این ٹی ایس سے متعلق شکایات میں اضافے کے ساتھ ساتھ ٹیسٹ کے نتائج میں بھی تاخیر کی شکایات موصول ہو رہی تھیں یہاں تک کہ یہ معاملات عدالت تک جاپہنچے تھے ۔

لیکن اب ایچ ای سی نے بھی اپنی سروس متعارف کروادی ہے جس کے تحت مختلف جامعات اور انسٹی ٹیوٹس میں داخلے کیلئے طلبا کو مفت ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جائے گی جبکہ ٹیسٹ کے اخراجات ہائرایجوکیشن کمیشن خودادا کرے گا۔ ایچ ای سی حکام نے بتایا کہ مفت ٹیسٹ سروس کے لیے تشکیل دیا گیا ادارہ ای ٹی سی ایک خود مختار ادارہ ہوگا جس کے پاس سوالات کااپنا بینک موجود ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ اچھی شہرت کے حامل حاضر سروس اور ریٹائرڈ پروفیسر صاحبان اس ٹیسٹ کے سوالات تیار کریں گے اور ٹیسٹ کے مراحل کی نگرانی بھی انہیں صاحبان سے کروائی جائے گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ٹیسٹ کے ساتھ ہی امیدوار کو ایک جوابی کاربن کاپی سی جائے گی جبکہ ٹیسٹ کے بعد دو گھنٹے کے اندر نتائج ویب سائٹ پر جاری کردیئے جائیں گے ۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ اس ٹیسٹ کے نتائج دوسال کیلئے قابل قبول ہوں گے ۔ یہ ٹیسٹ سال میں دو مرتبہ منعقد کیا جائے گاجس میں طلبا اب بلامعاوضہ شرکت کرسکیں گے ۔