شام، دمشق میں روسی سفارت خانے پر راکٹ حملے

کوئی نقصان نہیں پہنچا ،راکٹ حملے شام میں امن کی کوششیں تباہ کرنے کی سازش ہیں،ترجمان روسی وزارت خارجہ

جمعرات 29 دسمبر 2016 14:05

دمشق/ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) روسی وزارت خارجہ کے حکام نے بتایا ہے کہ شام کے دارالحکومت دمشق میں اس کے سفارت خانے کو راکٹ حملوں سے نشانہ بنایا گیا ہے۔غیرملکی خبر رساں اداروں کے مطابق روسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان میں کہا گیا کہ دمشق میں موجود روسی سفارتخانے پر دو بار راکٹ حملے کیے گئے۔

تازہ راکٹ حملے اشتعال انگیزی اور شام میں قیام امن کے لیے جاری کوششوں کو تباہ کرنے کی سازش ہے۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ ایک راکٹ سفارت خانے کے آڈیٹوریم کی عمارت میں گرا جب کہ دوسرا راکٹ سفارتی کمیشن کے قریب گرا ہے۔ یہ راکٹ حملے اس وقت کیے گئے جب علاقے میں روسی ٹیمیں بارودی سرنگوں کو ناکارہ بنانے کا آپریشن جاری رکھے ہوئے تھیں۔خیال رہے کہ دمشق میں روسی سفارت خانہ المزرعہ کے مقام پر قائم ہے۔

مئی سنہ 2015ء کے بعد ماسکو کا سفارت خانہ متعدد بار راکٹ حملوں کا نشانہ بن چکا ہے۔ مئی 2015ء میں سفارت خانے پر داغے گئے ایک ہاون راکٹ حملے کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک ہوگیا تھا۔روس شام کا اتحادی ہے اور اس کی فوجیں گذشتہ ڈیڑھ سال سے شام میں باغیوں کے ٹھکانوں پر بمباری کررہی ہیں۔ روس اپنے سفارت خانے پر حملوں کا الزام شامی باغیوں پر عائد کرتا چلا آیا ہے۔

متعلقہ عنوان :