محمد نواز شریف کے آزاد کشمیر کے دوروں سے مثالی ترقی ، تحریک آزادی کشمیر پر مثبت اثرات مرتب ہونگے،سردار فاروق احمد طاہر

کشمیر کونسل کا اجلاس مظفرآباد میں طلب کرنا انتہائی بہتر سوچ کی عکاسی ہے،ترقی کے راستے کھلیں گے، ڈپٹی سپیکر آزاد کشمیر اسمبلی

جمعرات 29 دسمبر 2016 16:16

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2016ء) آزاد کشمیر اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر سردار فاروق احمد طاہر نے وزیر اعظم اسلامی جمہوریہ پاکستان میاں محمد نواز شریف کے دورہ آزاد کشمیر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے دورے سے نہ صرف آزاد کشمیر کی مثالی ترقی کیلئے مثبت اقدامات ہو نگے بلکہ تحریک آزادی کشمیر پر اس کے مثبت اثرات مرتب ہونگے ۔

اُنھوں نے کہا کہ کشمیر کونسل کا اجلاس مظفرآباد میں طلب کرنا انتہائی بہتر سوچ کی عکاسی ہے ۔اس سے ترقی کے راستے کھلیں گئے ۔ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نوازشریف نے مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ میں جاندار موقف اختیار کیا اس سے تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی فورم پر اہمیت حاصل ہوئی ہے اور بھارت تنہائی کا شکار ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اب عالمی برادری مسئلہ کشمیر کا حل جلد دیکھنا چاہتی ہے تاکہ خطے میں امن کو فروغ دیا جا سکے ۔

انھوں نے وزیرا عظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر خان پر بھر پور اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ دور میں ترقی کے شاندار اقدامات ہونگے جس سے خطے کی تقدیر بدل جائے گی ۔ڈپٹی سپیکر اسمبلی نے کشمیر کونسل کے نو منتخب ممبران سردار عبدالخالق وصی اور صدیق بٹلی کو ممبر کشمیر کونسل کا حلف اٹھانے پر مبارکباد دی ۔

سردار فاروق احمد طاہر نے کہا کہ ( ن)لیگ کی حکومت نے کشمیری عوام سے جو وعدے کئے تھے وہ جلد تکمیل تک پہنیں گئے ۔ آزاد کشمیر کے بیس کیمپ کی ترقی میں حکومت پاکستان کا مثالی کردار ہے جس میں وزیر اعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کی کشمیر ی عوام سے گہری محبت اور وابستگی کی جھلک دکھائی دیتی ہے ۔ کشمیر ی عوام اُن کی دل وجان سے قدر کرتے ہیں۔