سی پیک سے بلوچستان کے عوام کوبہت فائدہ ہو گا،آنے والا دور پیپلز پارٹی کا ہے، میر علی مدد جتک

جمعرات 29 دسمبر 2016 17:05

حمیدآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر حاجی میر علی مدد جتک نے کہاہے کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی پارٹی ہے، جڑیں عوام میں مضبوط ہیں آنے والا دور پاکستان پیپلز پارٹی کا ہوگا ۔بلاول بھٹو زرداری ملک کے وزیراظم منتخب ہونگے اور چاروں صوبوں سے بھی وزیر اعلٰی پی پی سے منتخب ہونگے۔گزشتہ روز ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیپلزپارٹی کے زیراہتمام حفیظ آباد جمالی میں نئے شامل ہونے والے پی پی کے رہنما سابق صوبائی وزیر مرحوم میر عبدالرحمن جمالی کے فرزندمیر حسن خان جمالی کی پی پی میں شمولیت کے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر سابق وفاقی وزیر میر چنگیز خان جمالی میرحسن خان جمالی ودیگر نے کہا کہ پی پی ایک ملک گیر پارٹی ہے آج لوگ جوق در جوق پی پی میں شمولیت اختیار کرکے پی پی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کے ہاتھ مظبوط کر رہے ہیں محترمہ بینظیر بھٹو کی شہادت کے بعد ملک ٹوٹنے کے قریب پہنچا مگر پی پی کے کو چیرمین آصف علی زرداری نے بہادری کے ساتھ ملک کو بچایا تھا پی پی نہ جھکنے والی نہ بکنے والی جماعت ہے سی پیک منصوبہ شہید رانی محترمہ بینظیر بھٹو کا تھا اسکی حفاظت ہر حال میں کرینگے۔

(جاری ہے)

سی پیک سے بلوچستان کے عوام کو بڑا فائدہ ملے گا۔رہنماوں نے کہا کہ آج جمہوریت زندہ ہے تو شہید ذوالفقار علی بھٹو شہیدبینظیربھٹو کی بدولت سے زندہ ہے پی پی جمہوریت کا نام ہے پی پی نے جمہوریت کے لیئے بے شمارقربانیاں دی ہیں پی پی ملک میں آئین وقانون کی بالا دستی چاہتی ہے لیکن موجودہ حکمران ملک میں مغل اعظم بنے بیھٹے ہیں آئین و قانون کی کوئی پاسداری نہیں کی جا رہی ہے لیکن پی پی آئین وقانون کی بالادستی قائم کرکے رہے گی اور ملک میں قانون کی حکمرانی کے لیے فیصلہ کن جدوجہد کریگی اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی نہیں برتی جائے گی قائدین نے تحریک چلانے کا حکم دیا تو لاکھوں کارکنوں کے ہمراہ لانگ مارچ کرینگے اور حکمرانوں کے خاتمے تک جدوجہد جاری رکھی جائے گی۔