کئی بیرونی ممالک کی اے ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں سال2017ء کرکٹ سیکورٹی کا سال ہوگا

پاکستان سپر لیگ ایک قومی اثاثہ ہے اور یہ پاکستان کی کرکٹ کی ترقی کا ایک بہترین راستہ ہے، چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی چیئرمین پی سی بی شہریار خان اور چیئرمین پی ایس ایل نجم سیٹھی کی نیشنل اسٹیڈیم میں قائم کئے گئے ہائی پرفارمنس سینٹر کی افتتاحی تقریب اور صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:22

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہر یار خان نے کہا ہے کہ کئی بیرونی ممالک کی اے ٹیمیں پاکستان آنا چاہتی ہیں سال2017ء کرکٹ سیکورٹی کا سال ہوگا۔یہ بات انہوں نے جمعرات کو یہاں نیشنل اسٹیڈیم میں قائم کئے گئے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر (ایچ پی سی )کی افتتاحی تقریب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر چیئرمین ایگزیکٹو کمیٹی پی سی بی نجم سیٹھی، سی او او سبحان احمد، بو او جی کے اراکین شعیب محمد اور دیگر اہم شخصیات بھی موجود تھیں۔ حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر کا افتتاح شعیب محمد نے کیا۔ شہریار خان نے کہا کہ میری خواہش تھی کہ پاکستان کے سب سے بڑے شہر میں ایسی کرکٹ اکیڈمی قائم کی جائے، میں خود اس اکیڈمی کی نگرانی کروں گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سب سے بہترین کرکٹ اکیڈمی کراچی میں ہے جس میں جم اور سوئمنگ پول سمیت تمام سہولیات موجود ہیں، یہ پاکستان کی تیسری ہائی پرفامنس اکیڈمی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاولپور، پشاور، رحیم یار خان، راولپنڈی سمیت پاکستان کے دیگر شہروں میں بھی مستقبل میں اکیڈمیز بنائی جائیں گی۔ شہر یار خان نے کہا کہ پی سی بی کا ارادہ ہے کہ موبائل کرکٹ اکیڈمی بھی شروع کی جائیں، شہر شہر جا کر ہم کرکٹ ٹیلنٹ کو پروموٹ کریں گے اور پہلی موبائل کرکٹ اکیڈمی ننکانہ صاحب میں ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ہم اقلیتی برادری کو بھی ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس اکیڈمی کو لٹل ماسٹر لیجنڈ حنیف محمد کے نام سے منسوب کیا گیا ہے اور سیکورٹی کے حوالے سے یہ اکیڈمی بہترین ہے، یہاں پر ہماری اے ٹیمیں کھیلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ (آج) جمعہ کو پی سی بی کی گورننگ باڈی کے اجلاس میں کرکٹ کے علاوہ کوئی ایجنڈا نہیں ہے، ہم ایک کھلی کتاب کی طرح ہیں اور کچھ چھپا نہیں رہے۔

شہریار خان نے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کسی بھی طرح جسمانی تشدد کا ساتھ نہیں دیتا اور باسط علی کے واقعہ پر تین سے چار روز میں فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ وومنز کرکٹ زوال پزیر ہونا شروع ہوگئی ہے اور پی سی بی وومن کرکٹ کی بحالی پر کام کر رہی ہے۔ شہریار خان نے کہا کہ 25 فروری کو ہم پی ایس ایل کے فائنل کا فیصلہ کریں گے، ہماری پوری کوشش ہے کہ 5 مارچ کو فائنل لاہور میں ہو۔

اس موقع پر پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چیئرمین نجم سیٹھی نے کہا کہ پاکستان سپر لیگ ایک قومی اثاثہ ہے اور یہ پاکستان کی کرکٹ کی ترقی کا ایک بہترین راستہ ہے، ہماری پوری کوشش ہے کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں کھیلا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ مسائل ایسے ہیں جو میرے یا پی سی بی کے کنٹرول میں نہیں ہیں۔ سیکورٹی کے معاملات پر وفاقی وزیر داخلہ سمیت پنجاب حکومت اور اس کے اداروں سے رابطے میں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پی ایس ایل کی کمپنی کا تعلق پاکستان اسپورٹس بورڈ سے ہوگا، آئین کے خلاف اس کمپنی میں کچھ نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میری اور چیئرمین کی مدت اگلے سال اگست میں ختم ہو جائے گی، ہمارے بورڈ میں چار ریجنل ریپریزینٹو ہیں اور تمام لوگ پروفیشنل ہیں۔