Live Updates

پاناما لیکس اور کرپشن کے معاملے پیپلز پارٹی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف تحریک چلاتی ہیں تو تحریک انصاف ساتھ دے گی ،ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے، پاناما لیکس کے معاملے پر انصاف نہ ملا تو دوبارہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر آئیں گے، حکومت مخالف تحریک کیلئے پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف سے کوئی رابطہ نہیں کیا، جب رابطہ ہو گا تو مشاورت سے جواب دیںگے،لوگوں کو رینجرز اور ملٹری کورٹس سے بہت امید ہے،ا ن کو انصاف ملے گا، تحریک انصاف کے کارکن فضل رحیم کے قاتل اگر گرفتار نہیں کیے گئے تو کراچی میںبھرپور احتجاج کیا جائیگا، جنید جمشید ایک عظیم انسان تھے، ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی

چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا ضلع وسطی کراچی میں پارٹی کی رکنیت سازی مہم کا افتتاح ،معروف نعت خواں جنید جمشید، مقتول کارکن فضل رحیم کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد مختلف مقامات پر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 29 دسمبر 2016 21:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 29 دسمبر2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ پاناما لیکس اور کرپشن کے معاملے پیپلز پارٹی اور اپوزیشن جماعتیں حکومت کے خلاف تحریک چلاتی ہیں تو تحریک انصاف ان کا ساتھ دینے کے لیے تیار ہے، ملک کا سب سے بڑا مسئلہ کرپشن ہے۔ پاناما لیکس کے معاملے پر اگر انصاف نہیں ملا تو تحریک انصاف دوبارہ حکومت کے خلاف سڑکوں پر آئے گی۔

حکومت مخالف تحریک کے لیے پیپلز پارٹی نے تحریک انصاف سے اب تک کوئی رابطہ نہیں کیا، جب رابطہ ہو گا تو مشاورت سے جواب دیںگے۔ لوگوں کو رینجرز اور ملٹری کورٹس سے بہت امید ہے۔ ملٹری کورٹس سے لوگوں کو انصاف ملے گا۔ تحریک انصاف کے کارکن فضل رحیم کے قاتل اگر گرفتار نہیں کیے گئے تو کراچی میںبھرپور احتجاج کیا جائیگا۔

(جاری ہے)

جنید جمشید ایک عظیم انسان تھے۔

ان کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی،وہ جمعرات کوجمعرات کو ضلع وسطی میں تحریک انصاف کی رکنیت سازی مہم کے افتتاح ، امام بارگاہ باب العلم کے دورے تحریک انصاف کے مقتول کارکن فضل رحیم کے گھر پر پٹیل پاڑہ میں تعزیت اور معروف نعت خواں جنید جمشید کے گھر پر ان کے اہل خانہ سے تعزیت کے بعد مختلف مقامات پر میڈیا سے گفتگو کررہے تھے،عمران خان نے ضلع وسطی میں تحریک انصاف کی رکنیت مہم کے کیمپ کا افتتاح کیا،وہ افرا تفری کے سبب ضلعی دفتر کا افتتاح کیے بغیر ہی روانہ ہو گئے، عمران خان نے باب العلم امام بارگاہ کا بھی دورہ کیا۔

جہاں انہوں نے مولانا شہنشاہ حسین نقوی سے ملاقات کی، مولانا شہنشاہ حسینی نے ان کے ہاتھ پر امام ضامن باندھا اور خیبرپختونخوا میں اہل تشیع برادری کے مسائل سے آگاہ کیا۔ بعد ازاں عمران خان پٹیل پاڑہ میں پی ٹی آئی کے مقتول کارکن فضل رحیم کے گھر گئے ، جہاں انہوں نے ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ فضل رحیم شاہراہ فیصل پر فائرنگ کے ایک واقعہ میں جاں بحق ہو گئے تھے۔

عمران خان ممتاز نعت خواں جنید جمشید کے گھر بھی گئے اور وہاں انہوں نے ان کے بھائی ہمایوں جمشید سے ملاقات کی اور جنید جمشید کے انتقال پر تعزیت اور فاتحہ خوانی کی۔ مختلف مقامات پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کے حکمران نا اہل اور بدعنوان ہیں۔ ملک میں جب تک عدل نفاذ نہیں ہو گا ، مسائل حل نہیں ہوں گے۔ ملک سب کا گھر ہوتا ہے۔

جب کرپشن ہو گی اور پیسہ کیا جائے گا تو ملک غریب سے غریب تو ہو جائے گا۔ حکمران پاکستان کا یہی حال کر رہے ہیں۔ ملک چلانے کے لیے پیسہ نہیں ہے۔ حکمران قرضے پر قرضہ لے رہے ہیں اور قومی ادارے گروی رکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف حکمرانوں کی کرپشن پر خاموش نہیں بیٹھ سکتی ہے۔ کرپشن صرف ہمارا نہیں ملک بھر کا مسئلہ ہے۔ ہم حکمرانوں کی کرپشن پر خاموش نہیں بیٹھیں گے۔

عمران خان نے کہا کہ سندھ میں پولیس سے لوگوں امید نہیں ہے۔ سندھ پولیس میں اصلاحات کی ضرورت ہے اگر پولیس ٹھیک ہو جائے گی تو رینجرز کی ضرورت نہیں رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں رینجرز کے ٹارگیٹڈ آپریشن سے جرائم میں کمی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹارگٹ کلرز کے خلاف بھرپور ایکشن لیا جائے گا۔ ہمارے مقتول کارکن کے قتل کا مقدمہ ملٹری کورٹ میں چلایا جائے۔

ہم پی ٹی آئی کی زہرہ آپا کا کیس فالو کر رہے ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ ان کے قاتلوں کو سزا ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ جنید جمشید ایک عظیم انسان تھے۔ ان کی خدمات پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حویلیاں میں ہونے والے طیارہ حادثے شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔ بعد ازاں عمران خان لیاری پہنچے جہاں انہوںنے ضلع جنوبی کے تحت پی ٹی آئی کے رکنیت سازی کیمپ کا افتتاح کیا،انہوںنے کہا کہ کراچی میں پی ٹی آئی کو تنظیمی سطح پر بھرپور انداز میں منظم کررہے ہیں اور آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی لیاری سمیت پورے شہر میں حیرت انگیز نتائج دیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات