انکم ٹیکس کی ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں 15 جنوری 2017تک توسیع کا مطالبہ

جمعرات 29 دسمبر 2016 22:43

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 دسمبر2016ء)فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر انجینئر محمد سعید شیخ نے وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین سے مطالبہ کیا ہے کہ 2016 کیلئے انکم ٹیکس کی ریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں فوری طور پر 15 جنوری 2017تک توسیع کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ ایک سال کی مقررہ مدت تک کی تفصیلات کو جمع کرنے کیلئے کچھ وقت درکار ہوتا ہے مگر ایف بی آر زمینی حقائق کے برعکس انکم ٹیکس ریٹرن جمع کرانے کیلئی31 دسمبر کی تاریخ مقرر کر دیتا ہے جس پر مطلوبہ تفصیلات اور ان سے متعلقہ دستاویزات کا حصول عملی طور پر ناممکن ہوتا ہے ۔

انہوں نے مزید بتایا کہ فیصل آبادسے ایک 27 رکنی تجارتی وفد بھی امریکہ گیا ہو ا تھا جس کی وجہ سے ان کے لئے خاص طور پر 31 جنوری تک ریٹرن جمع کرانا ممکن نہیں۔

(جاری ہے)

لہٰذا اس سلسلہ میںریٹرن جمع کرانے کی تاریخ میں فوری طور پر 15 جنوری 2017 تک توسیع کی جائے ۔ تاکہ ٹیکس دہندگان عجلت میں غلط ریٹرن جمع کرانے کی بجائے اطمینان سے درست اعداد و شمار کے ساتھ اپنی ریٹرن جمع کرا سکیں ۔ انہوں نے اس توقع کا بھی اظہار کیا ہے کہ وزارت خزانہ اس سلسلہ میں آخری دن کا انتظار کرنے کی بجائے فوری طور پر تاریخ بڑھانے کا اعلان کرے گی تاکہ کاروباری افراد اور ٹیکس دہندگان مکمل ذہنی آسودگی سے اپنی ریٹرن جمع کرا سکیں۔