ساہیوال ،سی ٹی ڈی کے ڈسٹرکٹ افسر اور ڈرائیور ٹارگٹ کلنگ میں شدید زخمی

جمعہ 30 دسمبر 2016 16:40

․ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 دسمبر2016ء) ساہیوال لاہور روڈ شاداب ٹائون موڑ پر سی ٹی ڈی ( محکمہ انسداد دہشت گردی )ضلع ساہیوال کے قائم مقام ڈسٹرکٹ افسر مرزا محمد آصف اور ان کے ڈرائیور سعید احمد کو دو موٹر سائیکل سوار وں کی فائرنگ گولیاں لگنے سے مرزا محمد آصف اور سعید احمد شدید زخمی ہو گئے دونوں زخمیوںکو سول ہسپتال ساہیوال داخل کرا دیا گیا جہاں مرزا محمد آصف کو تشویش ناک حالت کے پیش نظر میو ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا ۔

حملہ آوروںنے ٹارگٹ کلنگ کی کوشش کی تھی ۔تفصیلات کے مطابق مرزا محمد آصف قائم مقام ڈسٹرکٹ افسر سی ٹی ڈی ساہیوال کو انکا ڈرائیور سعید احمد ایک کار نمبر 8641ایل میں صبح پونی9 بجے ان کے گھر سے لیکر جب پل شاداب ٹائون کے موڑ پر کار کو ڈرائیور نے موڑا تو موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم حملہ آوروںنے آتشی اسلحہ سے اندھا دھند فائرنگ شرو ع کر دی اور فائرنگ کے بعد فرار ہو گئے ۔

(جاری ہے)

جس کے نتیجہ میں مرزا محمد آصف اور سعید احمد شدید زخمی ہو گئے دونوں زخمیوں کو ہسپتال داخل کرا دیا گیا پولیس کے زرائع نے بتایا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ کا واقعہ تھا جس کی پولیس تھانہ غلہ منڈی اور سی ٹی ڈی کی ایک ٹیم الگ الگ تفتیش کر رہی ہے اور پولیس حملہ آوروں کو جلد گرفتارکر لے گی ۔پولیس تھانہ غلہ منڈی نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کر دی ہے ابھی تک ملزموں کا کوئی سراغ نہیں چل سکا۔