بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے‘سی پیک کے تحت ترقیاتی اقدامات کے ذریعے صوبہ میں ترقی اور خوشحالی آئے گی

پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سیّد کی گورنمنٹ ڈگری کالج عطاء شاد تربت کے طلباء اور اساتذہ کے وفد سے گفتگو

جمعہ 30 دسمبر 2016 16:56

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) پارلیمانی کمیٹی برائے چین۔پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے چیئرمین سینیٹر مشاہد حسین سیّد نے کہا ہے کہ بلوچستان پاکستان کا مستقبل ہے اور سی پیک کے تحت ترقیاتی اقدامات کے ذریعے صوبہ میں ترقی اور خوشحالی آئے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ ڈگری کالج عطاء شاد تربت (بلوچستان) کے طلباء اور اساتذہ کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک قومی اتحاد کی علامت ہے اور فاٹا، گلگت بلتستان، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے کم ترقی والے علاقے منصوبے کا حصہ ہیں اور سی پیک کے تحت ان علاقوں میں متعدد ترقیاتی منصوبوں کا آغاز ہو گا۔ سینیٹر مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ یہ منصوبے ترقی کے ساتھ ساتھ قومی ہم آہنگی کے فروغ کے مظہر ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ 15 برسوں پر محیط یہ منصوبے چار مختلف پہلوئوں پر مشتمل ہیں جس میں گوادر بندرگاہ کو آپریشنل بنانا، خصوصی اقتصادی زونز کا قیام، توانائی کے منصوبے اور انفراسٹرکچر کی ترقی بالخصوص روڈ اور ریل رابطوں کی بہتری شامل ہیں۔

سی پیک کے حوالہ سے مشترکہ رابطہ کمیٹی کے حالیہ اجلاس کے حوالہ سے سینیٹر مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ ایسے احسن فیصلے کئے گئے ہیں جن کے چھوٹے صوبوں کو دیرپا فوائد حاصل ہوں گے۔ انہوں نے بتایا کہ مغربی روٹ اور بسیما۔خضدار روڈ اور دیگر منصوبوں کی تعمیر پر اتفاق رائے ہو چکا ہے۔ انہوں نے وفد کو سی پیک پر پارلیمانی کمیٹی کی تشکیل کے حوالہ سے بھی آگاہ کیا اور کہا کہ کل 21 اراکین میں سے 15 کا تعلق چھوٹے صوبوں اور کم ترقی یافتہ علاقوں سے ہے۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی مفاہمت، شفافیت اور ترقیاتی عمل میں شمولیت کے ذریعے اتفاق رائے قائم کرنے پر پختہ یقین رکھتی ہے۔ سینیٹر مشاہد حسین سیّد نے کہا کہ کمیٹی نے مختلف امور پر اتفاق رائے پیدا کرنے ہیں اور فریقین کو اعتماد میں لینے میں مؤثر کردار ادا کیا اور وفاق اور اس کی اکائیوں کے مابین پل کر کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے حال ہی میں گوادر میں اختتام پذیر ہونے والی کانفرنس کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ سی پیک پر تمام سیاسی قیادت متحد ہے۔

مشاہد حسین سیّد نے عطاء شاد کی بحیثیت دانشور اور لکھاری خدمات کی تعریف کرتے ہوئے انہیں اپنا اچھا دوست قرار دیا۔ گورنمنٹ ڈگری کالج عطاء شاد تربت کے طلباء اور اساتذہ پر مشتمل وفد نے بلوچستان صوبہ کیلئے نیک تمنائوں کے اظہار پر سینیٹر مشاہد حسین سیّد کا شکریہ ادا کیا۔ یہ بات یہاں قابل ذکر ہے کہ وفد نے پارلیمانی کمیٹی برائے سی پیک کے چیئرمین مشاہد حسین سیّد کی دعوت پر پارلیمنٹ ہائوس کا دورہ کیا۔ انہوں نے گلی دستور اور سینٹ ہال کا بھی دورہ کیا جہاں انہیں ایوان بالا کے کام کے طریقہ کار اور مقصد کے علاوہ پاکستان کی سیاسی اور جمہوری تاریخ میں اس کے کردار پر بریفنگ دی گئی اور چیئرمین سینٹ کی طرف سے انہیں سووینیئر بھی پیش کئے گئے۔