سٹاک ایکسچینج پر اندراج کیلئے صرف معیاری کمپنیوں کی حوصلہ افزائی کرینگے ، ایس ای سی پی کا فیصلہ

جمعہ 30 دسمبر 2016 20:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 30 دسمبر2016ء) سکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن پاکستان نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ معیاری کمپنیوں کو سٹاک ایکسچینج پر لانے کی حوصلہ افزائی کرے گا جو’’ابتدائی عوامی پیشکش‘‘ کے ذریعے اپنے نئے حصص اور قرض کے تمسکات سکیورٹیز عوام الناس کو الاٹ کر سکتی ہیں۔یہ فیصلہ اس حقیقت کو مدِ نظر رکھتے ہوئے کیا گیا ہے کہ ایسی کمپنیاں ہی سٹاک ایکسچینج کے ساتھ مندرج ہوں جو اچھا ریکارڈ، بہتر ساکھ،تجربہ کار انتظامیہ اورمستحکم صنعت میں بڑھوتری کی صلاحیت کی حامل اور بازارِ سرمایہ سیاپنی نمو کے لئے ضروری وسائل حاصل کرنے کی اہلیت رکھتی ہوں۔

گزشتہ دو ایک سالوں سے، ایس ای سی پی کی یہ کوشش رہی ہے کہ وہ اس ضمن میں اپنے کردار کو زیادہ فعال بنائے اس لئے اس نے پی ایس ایکس سے کہا ہے کہ وہ صرف معیاری کمپنیوں کی لسٹنگ کرے۔

(جاری ہے)

کاروبارمیں آسانیاں پیدا کرنے کے لئے ایس ای سی پی نے کمپنیوں کی لسٹنگ کی جلد سے جلد منظوری دینے کا انتظام کیا ہے۔ حال ہی میں ایسی تین معیاری کمپنیوں کادرخواست موصول ہونے کے پانچ دن کے اندر سٹاک ایکسچینج کیساتھ اندراج کر لیا گیا۔

تمام سٹیک ہولڈرز بشمول عوام الناس اور جاری کنندگان کے مفادات کو مدِ نظر رکھتے ہوئیہراول ریگولیٹر کی حیثیت سے سٹا ک ایکسچینج کے ساتھ معیاری لسٹنگ کا فروغ پی ایس ایکس کی ذمہ داری ہے۔ اسی کارہائے منصبی کا احساس کرتے ہوئے اور پراسپیکٹس کی منظوری کا طریقہ کار بہتر بنانے کے لئے، پی ایس ایکس نے حال ہی میں مارکیٹ کے غیر جانبدار شرکاء،اچھے پسِ منظر کے حامل کاروباری افراد اور اپنی انتظامیہ کے اراکین پر مشتمل ایک لسٹنگ کمیٹی تشکیل دی۔

اپنی تشکیل کے بعد اس کمیٹی نے حال ہی میں کمپنیوں کی لسٹنگ کے لئے پہلے پراسپیکٹس کی منظوری دی ہے۔ مذکورہ کمپنی ان متعدد کمپنیوں میں سے ایک ہے جس نے حال ہی میں اس ضمن میں پی ایس ایکس اور ایس ای سی پی کی جانب سے منعقدہ تفصیلی مباحثوں میں شرکت کی تھی۔ پائیدارترقی اور ہمارے بازارِ سرمایہ پر سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رکھنے کے لئے نئی معیاری لسٹنگز کا بازارِ سرمایہ کے ساتھ رجسٹر ہوناازحد ضروری ہے۔

عوامی پیشکش کا عمل کمپنی کے سرپرستوں کی جانب سے عوام الناس کو سکیورٹیز کی پیش کش سے شروع ہوتا ہے۔ اس ضمن میں پی ایس ایکس اور ایس ای سی پی نیلسٹنگ کے لئیاعلیٰ ترین صلاحیت کی حامل کمپنیوں کے سرپرستوں کے ساتھ مختلف شہروں میں متعددمشاورتی سیشن منعقد کئے۔ان سیشنز کے ذریعے ان سرپرستوں کو بازارِ سرمایہ کی خدمات فراہم کرنے والے مختلف شعبوں بشمول پی ایس ایکس، ریگولیٹر،بروکریج فرموں، حال ہی میں پی ایس ایکس کے ساتھ لسٹنگ کرانے والی کمپنیوں کے سرپرستوں وغیرہ کے ساتھ بات چیت کرنے اور کامیابی سے اپنی سکیورٹیز کی پیشکش کرنے کے طریقوں کے بارے میں جاننے کا موقع میسر آیا۔

ماضی میں لسٹنگ کے حوالے سے معیار پر کبھی بھی توجہ نہیں دی گئی، بلکہ سارا زور زیادہ سے زیادہ معلومات فراہم کرنے اور اہلیت کے تقاضے پورے کرنے پر رکھا جاتا رہا ہے۔ امکان تھا کہ خریداروں کو ہوشیار رہنے کی تلقین کے ساتھ اسی طریقہ کار کی پیروی کی جاتی تاہم اس کے برعکس اس بار ایس ای سی پی نے آئی پی او کمیٹی تشکیل دی تاکہ معیاری لسٹنگ اور لسٹنگ کے حوالے سے درخواستوں کی مد میں فیصلہ سازی کا بہتر طریقہ کار اختیار کیا جا سکے۔

ایس ای سی پی کی مذکورہ کمیٹی لسٹنگ کی درخواستوں کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد اپنی سفارشات غور و خوض کے لئے ایس ای سی پی کو بھیجتی ہے۔اس کمیٹی کی تشکیل کے بعد سے اب ایس ای سی پی کو ابتدائی عوامی پیشکشوں کی تین اور سکوک کے اجرائ کی ایک درخواست موصول ہوئی، جنک کی عوام الناس کے لئے موزونیت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ تین میں سے ایک درخواست برائے ابتدائی عوامی پیشکش عوام الناس کے لئے غیر موزوں قرار دی گئی تاہم اسے بڑے سرمایہ کاروں کے لئے موزوں خیال کیا گیا اور ایک لاکھ حصص کی حد عائد کرتے ہوئے اس کی سٹاک ایکسچینج پر تجارت کی اجازت دے دی گئی۔

دیگر دو درخواستوں میں سے ایک درخواست کو ادارہ جاتی اور عمومی سرمایہ کاروں سے زبردست پذیرائی ملی ہے اور اس کی ابتدائی پیشکشی قیمت کے مقابلے میں ثانوی مارکیٹ میں اس کی قیمت میں پچاس فیصد اضافہ دیکھا گیا ہے۔ کمیٹی کی سفارشات کو مدِ نظر رکھتے ہوئیایس ای سی پی نے اسی ہفتے کے دوران ایک اور ابتدائی عوامی پیشکش کی منظوری دی ہے جو آئندہ چند ہفتوں کے دوران عوام کو خریداری کے لئے پیش کر دی جائے گی۔ ابتدائی عوامی پیشکشوں کی مد میں کمیٹی کا یہ نظام معیاری لسٹنگ اور بازارِ سرمایہ میں سرمایہ کاروں کا اعتماد برقرار رکھنے کے لئے نافذ کیا گیا ہے۔ ان آئی پی اوز کے ساتھ ایس ای سی پی نے سکوک کے اجراء کی ایک درخواست کی بھی منظوری دی ہے۔

متعلقہ عنوان :