نشتر ہال پشاور میں رنگا رنگ کرسمس فیملی فیسٹیول کا انعقاد

جمعہ 30 دسمبر 2016 23:11

پشاور۔30دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) امن و ہم آہنگی اور نئے سال کی آمد کے حوالے سے گرینڈ کرسمس فیملی فیسٹیول کے عنوان سے ایک رنگا رنگ پروگرام نشترہال پشاور میں منعقعد ہوا ۔وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے معاون خصوصی برائے قانون عارف یوسف اور کوآرڈینیٹر برائے اقلیتی امور روی کمار اس موقع پر مہمان خصوصی تھے جبکہ رکن صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان، بشپ چرچ آف پاکستان ہمفری سرفراز ،ڈپٹی سیکرٹری اوقاف محمد ناصرخان،صوبے کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے اقلیتی برادری کے نمائندوں، بزرگوں ،خواتین اور بچوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

پروگرام میں بچوں نے رنگا رنگ پروگرام پیش کئے۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی عارف یوسف ایڈوکیٹ ، وزیر اعلیٰ کے کوآرڈینیٹر روی کمار، ایم پی اے جہانداد خان اور دیگر مقررین نے کہا کہ پاکستان کے پرچم تلے ہم سب ایک ہیں اور ملک کی ترقی، سلامتی اور استحکام کے لئے مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انسانیت کا ناطہ ایک مضبوط لڑی ہے او ر ہم سب نے مل کر امن و آشتی ،ترقی و خوشحالی اور اخوت و بھائی چارے کے فروغ کیلئے جدوجہد کرنی ہے اور یہ پیغام پوری دنیا تک پہچانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت کے دور میں اقلیتی برادری کے مسائل کے حل کیلئے قابل قدر اقدامات اٹھائے گئے ہیں ۔اس موقع پر کرسمس اور نئے سال کی آمد کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا جبکہ بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔

متعلقہ عنوان :