انتظامیہ فاٹا کی عوام کی صحت کی سہولیات تک رسائی بہتربنانے کی پوری کوشش کررہی ہے،انجینئر اقبال ظفر جھگڑا

انکوائری رپورٹ اورفرانزک ٹیسٹ سے ثابت ہوتاہے خیبرایجنسی میں کوئی بچہ بھی انسداد پولیو ویکسین کی وجہ سے متاثر نہیں ہوا،گورنر خیبر پختونخوا

جمعہ 30 دسمبر 2016 23:20

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 30 دسمبر2016ء) گورنرخیبرپختونخوا انجینئراقبال ظفرجھگڑا نے کہاہے کہ انتظامیہ پوری کوشش کررہی ہے کہ فاٹا کی خصوصاً محروم عوام کی صحت کی سہولیات تک رسائی کو بہترکیاجاسکے تاکہ زچہ وبچہ کی اموات کی شرح میں کمی لای جاسکے۔ یہ بات انہوں نے خیبرایجنسی کی باڑہ تحصیل کے شلوبرعلاقہ میں ویکسی نیشن سے جوڑی گئی اموات کی تحقیقات کرنے والی تحقیقاتی کمیٹی سے ملاقات کے دوران کہی۔

تحقیقاتی کمیٹی نے اس موقع پرگورنر خیبرپختونخوا کو اب تک اخذ کئے گئے نتائج اورافسوس ناک واقعے کی تفصیل سے آگاہ کیا۔ گورنرخیبرپختونخوا نے بچوں کی اموات پر افسوس کا اظہارکیا اورفاٹا صحت حکام کو سارے وسائل بروئے کار لانے کیلئے ہدایات جاری کیں تاکہ عوام کی صحت کی سہولیات تک زیادہ سے زیادہ رسائی ہو اور زچہ وبچہ کی اموات کی شرح میں کمی لائی جاسکے۔

(جاری ہے)

گورنرخیبرپختونخوا نے کمیٹی کی کارکردگی پراطمینان کا اظہارکیا اور کہاکہ انکوائری رپورٹ اورفرانزک ٹیسٹ سے ثابت ہوتاہے کہ خیبرایجنسی میں کوئی بچہ بھی انسداد پولیو ویکسین کی وجہ سے متاثر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہاکہ ہم فاٹا میں پولیوکے خاتمے کے بہت نزدیک ہیں اور اس مرحلہ پرہم کسی قسم کی سستی برداشت نہیں کرسکتے۔ گورنرنے کہاکہ کیونکہ ویکسین سے بچوں کی اموات کا کوئی ثبوت نہیں ملا اس لئے فاٹا کے عوام بے بنیاد پروپیگنڈوں پر یقین نہ کرے۔

انہوں نے کہاکہ اس سال فاٹا میں انسدادپولیو کے دوران بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے کی شرح 99 فیصد رہی جبکہ انکاری والدین کی تعداد نہ ہونے کی برابر رہی ہے۔ اس بات کامنہ بولتا ثبوت ہے کہ فاٹا کے عوام پولیو کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے فوجی اور نیم فوجی دستوں اور فاٹا کے صحت محافظین (پولیوٹیمو) کی داد رسائی کرتے ہوئے کہاکہ سیکورٹی اداروں کی مدد سے پولیو ٹیموں نے بہت مشکل حالات اور خطروں میں ہربچے تک رسائی اور پولیو قطرے پلوانے کو یقینی بنایا۔

پولیوٹیموں نے ہر ماہ فاٹا میں دس لاکھ سے زیادہ بچوں کو پولیو قطرے پلوائے اور بچوں کو معذور ہونے سے محفوظ رکھا۔گورنرنے اس بات پر زوردیا کہ پولیو کاخاتمہ قومی ایمرجنسی ہے اور اپنی قوم کے بچوں کو معذوری سے بچانے اور پولیو کے خاتمہ کیلئے ہم کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ #