ڈی آئی جی لاڑکانہ کی 2016ء کے دوران لاڑکانہ پولیس کی کارکردگی رپورٹ

جمعہ 30 دسمبر 2016 23:25

لاڑکانہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 دسمبر2016ء) ڈی آئی جی لاڑکانہ عبداللہ شیخ نے سال 2016ء کے دوران لاڑکانہ ڈویزن کے اندر کی گئی کارروائیوں کے متعلق رپورٹ پیش کرتے ہوئے بتایا ہے کہ سال 2016ء کے دوران جرائم پیشہ افراد اور سماج دشمن عناصر کے خلاف مختلف مقامات پر کارروائیاں کرتے ہوئے 65 گینگز کو ختم کرکے 535 پولیس مقابلوں کے دوران 24 ڈاکوؤں کو ہلاک کیا گیا ہے جن میں حکومت سندھ کی جانب سے انعام یافتہ ڈاکو بھی شامل ہیں جبکہ 104 ڈاکوؤں کو مقابلوں کے دوران زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے۔

ڈی آئی جی آفس کی جانب سے جاری کردہ بیان میں ڈی آئی جی نے مزید کہا ہے کہ اسی عرصے کے دوران شکارپور ضلع کے خانپور میں عیدگاہ کے اندر نماز کے دوران ایک دہشتگرد کو مار کر شہریوں کو پولیس نے مزید نقصان سے بچایا جبکہ لاڑکانہ رینج کے اندر 28 دہشت گردوں کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے دھماکے دار مادہ، خودکش جیکٹس اور دیگر بارودی مواد بھی برآمد کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ لاڑکانہ رینج پولیس نے 5248 اشتہاریوں، 8573 روپوش اور 742 جرائم پیشہ افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے 22 ہینڈ گرنیڈ، 29 کلو دھماکے دار مادہ، 54 کلاشنکوف، 39 رائفلز جن میں جی تھریاں بھی شامل ہیں، 345 بندوقیں، 546 پسٹل، 8448 کارتوس اور گولیاں بھی برآمد کی گئی ہیں جبکہ منشیات فروشوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران 20 کلو 400 گرام آفیم، 13 کلو 268 گرام ہیروئن، 985 کلو چرس، 1691 کلوگرام بھنگ اور بڑی تعداد میں شراب برآمد کرکے مقدمات درج کئے گئے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان کارروائیوں کے دوران سات پولیس اہلکار شہید جبکہ مختلف پولیس مقابلوں میں 13 پولیس اہلکار بھی زخمی ہوئے ہیں۔ ڈی آئی جی لاڑکانہ نے مزید کہا کہ لاڑکانہ رینج پولیس عوام کے جان و مال کی تحفظ کے لئے جرائم پیشہ افراد سے جنگ میں صف اول کا کردار ادا کیا ہے، پولیس کی لازوال قربانیاں رائیگان ہونے نہیں دیں گے، جرائم پیشہ افراد اور ان کی پشت پناہی کرنے والوں کے خلاف ہر صورت میں بھرپور کارروائیاں کرکے انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :