پی سی بی کابی سی سی آئی کے خلاف قانونی چارہ جوئی کااعلان

شہریارخان کا کہنا ہے کہ ہم سیریز کیلیے ہندوستان کے پاؤں نہیں پڑیں گے،شہریار خان

ہفتہ 31 دسمبر 2016 13:49

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 31 دسمبر2016ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین شہر یار خان نے معاہدے پر دستخط کرنے کے باوجود سیریز نہ کھیلنے پر ہندوستان کے کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔کراچی میں پی سی بی کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ 'ہندوستان نے ایم او یو پر دستخط کیے لیکن سیریز نہیں کھیلی جس کا نقصان پورا کیا جائے اور بورڈ آف گورنرز نے اس حوالے سے قانونی چارہ جوئی کی منظوری دے دی ہی'۔

خیال رہے کہ پی سی بی اور بی سی سی آئی کے معاہدے کے مطابق ہندوستانی ٹیم کو گزشتہ سال 2015 میں پاکستان میں سیریز کھیلنی تھی جو منعقد نہیں ہوئی جبکہ مستقبل میں ہونے والی سیریز کے حوالے سے بھی بی سی سی آئی نے واضح جواب نہیں دیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال سیریز کے حوالے سے مذاکرات کے لیے جب شہریارخان ہندوستان گئے تو شرپسندوں نے بی سی سی آئی کے دفتر پر حملہ کیا تھا جس کے بعد دونوں بورڈ کے سربراہان کی ملاقات ملتوی ہوئی تھی۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ 'وزیرداخلہ اور دیگر وزرا سے اس حوالے سے بات ہوئی ہی'۔انھوں نے کہا 'ہندوستان اب چمپیئنز ٹرافی میں کھیلنے سے انکار کررہا ہے لیکن ہم ان سے کہیں گے کہ آپ نے سیریز کا وعدہ کرنے کے باوجود نہیں کھیلی مگر ان کے پاؤں نہیں پڑرہے ہیں مگر وہ نقصان کا ازالہ کریں'۔شہریار خان نے کہا کہ 'آئی سی سی بھی اس میں فریق تھا اور ہم قانونی نوٹس بی سی سی آئی کے علاوہ آئی سی سی کو بھیجیں گے تاکہ ہمارے نقصان کا ازالہ کیا جاسکی'۔

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے فائنل کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'یہ شبہات اٹھائے جارہے ہیں کہ پی ایس ایل کا فائنل پاکستان میں نہیں ہورہا ہے لیکن ہماری طرف سے کوئی شک نہیں ہے ہم خود چاہتے ہیں کہ فائنل یہاں ہو اور جو لوگ آنے سے گریز کررہے ہیں ان سے بات کررہے ہیں'۔