معدنیات کا شعبہ صوبہ پنجاب کے ریونیو میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ، ہم نے اس میں کرپشن اور کمیشن مافیا کا خاتمہ کرکے امسال سات ارب روپے کے ٹھیکے دئیے

صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان کا تقریب سے خطاب

ہفتہ 31 دسمبر 2016 22:32

پنڈی گھیب (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 31 دسمبر2016ء) صوبائی وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خان نے کہا ہے کہ معدنیات کا شعبہ صوبہ پنجاب کے ریونیو میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے ہم نے اس میں کرپشن اور کمشن مافیا کا خاتمہ کرکے امسال سات ارب روپے کے ٹھیکے دیے ہیں جبکہ اس سے قبل صرف پونے دو ارب روپے خزانہ میں جمع کرائے جاتے تھے ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میونسپل کمیٹی پنڈی گھیب میں مسلم لیگ (ن) کے نومنتخب چیئرمین آفتاب احمد حیدری اور وائس چیئرمین ملک عبیداللہ طاہر کی حلف برداری کے سلسلہ میں منعقدہ تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ایم ایل اے کشمیر اسمبلی راجہ محمد صدیق، سابق ایم پی اے میجر (ر) ملک محمد اعظم خان گھیبا، نوابزادہ ملک اولیاء خان، ملک عمر حیات خان،سابق امیدوار ضلع چیئرمین اٹک سردار احسن علی خان،مسلم لیگ (ن) کے ضلعی نائب صدر ملک مشتاق اعوان، نمبر دار آفتاب حسین احمدال، نوید اختر میر اور سردار وقار حسین سمیت یونین کونسلوں کے چیئرمین اور کونسلرز سمیت عمائدین علاقہ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی، انہوں نے کہا کہ چیئرمین ضلع اٹک کی نشست پر ناکامی کی ذمہ دار ضلعی قیادت ہے پارٹی کے ساتھ غداری کرنے والے منافقوں اور چوروں کا ضرور احتساب کیا جائے گا، سازشی ٹولے نے چھپ کر ہماری پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے نرم لہجے میں گفتگو کرنے والے صوبائی وزیر نے جارحانہ انداز میں کہا کہ اگر وہ اپنی مردانگی دکھاتے ہوئے سامنے آکر مقابلہ کرتے تو ہمیں دکھ نہ ہوتا چوہدری شیر علی نے کہا کہ ، میجر (ر) طاہر صادق کی بیٹی کے چیئرمین منتخب ہونا ضلع اٹک کی بد قسمتی ہے جنہوں نے قومی وسائل کو بے دردی سے لوٹا جس پہاڑ کا ٹھیکہ انہوں نے لاکھ روپے میں لیا ہوا تھا اسی پہاڑ کا ٹھیکہ ہم نے 19 کروڑ روپے میں دیا ہے بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں بلدیاتی اداروں کے منتخب ممبران اور مقامی انتظامیہ ملکر کام کرتے ہیں انہوں نے کہا کہ حلقہ پی پی 18 میں بہت جلد ترقیاتی کام شروع کیے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :