پی سی بی نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کی دعوت دیدی

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو رواں سال 11 مارچ سے 15 مارچ تک پاکستان میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی تجویز دی ہے ،ْ نجم سیٹھی آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کے معاملے پر بنائی ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک بہت جلد لاہور آئیں گے ،ْانٹرویو

اتوار 1 جنوری 2017 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی کیلئے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کی دعوت دے دی ہے۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹیو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی نے کہا کہ ہم نے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کو رواں سال 11 مارچ سے 15 مارچ تک پاکستان میں دو ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کی تجویز دی ہے جس کیلئے ہم ان سے رابطے میں ہیں۔

نجم سیٹھی نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے رواں سال پاکستان کے دورہ ویسٹ انڈیز کے دو ٹی ٹوئنٹی میچزامریکی ریاست فلوریڈا میں کھیلنے کی دعوت دی ہے جس کے جواب میں ہم نے پاکستان میں دو میچ کھیلنے کی شرط رکھی ہے۔انہوںنے کہاکہ ویسٹ انڈیز پاکستان کے دورے کیلئے رضامند ہوتا ہے تو ہم بھی ان کی درخواست کے مطابق رواں سال مارچ کے آخر میں دو ٹی ٹوئنٹی میچ فلوریڈا میں کھیلیں گے۔

(جاری ہے)

ویسٹ انڈیز کی دعوت پر بات کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ پی سی بی نے انھیں کہا ہے کہ ہم امریکا میں ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کے لیے تیار ہیں لیکن اس سے پہلے انھیں پاکستان آنا ہوگا۔پی ایس ایل کے چیئرمین نے کہا کہ ویسٹ انڈیز پلیئرز ایسوسی ایشن کو پاکستان میں سیکیورٹی کے حوالے سے خدشات ہیں لیکن ہم ان کے ساتھ رابطے میں ہیں انھیں منانے کی کوشش کرررہے ہیں۔

پی سی بی نے پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں کھیلنے کا اعلان کیا ہے جس پر ان کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہوگا جس کے چند دنوں بعد پاکستان کے دورے سے انکار کی کوئی وجہ نہیں بنتی ہے۔نجم سیٹھی نے کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے پاکستان کے معاملے پر بنائی ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک بہت جلد لاہور آئیں گے۔انہوںنے کہاکہ کلارک، پی سی بی کے مہمان کے طورپر جنوری میں پاکستان آئیں گے اور ہم سیکرٹری داخلہ سے ملاقات کا انتظام کریں گے جو پاکستان اور لاہور کے امن وامان کے حوالے سے آگاہ کریں گے۔سیٹھی کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے پی سی بی کی درخواست پر خصوصی فنڈ کے اجرا کے اشارے ملے ہیں۔