امریکہ نیٹو اور یورپی یونین کی ترکی کے نائٹ کلب میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت

اتوار 1 جنوری 2017 15:10

برسلز(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء) امریکہ نیٹو اور یورپی یونین نے ترکی کے نائٹ کلب میں دہشتگرد حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے جانی نقصا ن پرافسوس کا اظہار کیا ہے ۔غیر ملکی میڈیا کے مطابقیورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے استنبول میں خونریز حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی ہمدردیاں ہلاک شدگان اور زخمیوں کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینس اسٹولٹن برگ نے استنبول حملے کو سن 2017 کا افسوسناک آغاز قرار دیا ہے۔ اسی طرح امریکی قومی سلامتی کونسل کے ترجمان نے بھی اس حملے کی مذمت کی اور کہا کہ یہ حملہ معصوم افراد پر کیا گیا، جو ایک ظالمانہ فعل ہے۔ امریکی صدر باراک اوباما ہوائی میں تعطیلات گزارنے گئے ہوئے ہیں اور انہیں اس حملے کی اطلاع امریکی قومی سلامتی کے مشیر نے دی۔

(جاری ہے)

ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو کے مطابق حملے کے بعد فرار ہو جانے والے حملہ آور کی تلاش جاری ہے۔ترک وزیر داخلہ سلیمان سوئلو نے استنبول کے رائنا نائٹ کلب میں دہشت گردانہ حملے میں ہلاک ہونے والے غیر ملکیوں کی تعداد کم کر کے اب پندرہ بتائی ہے۔ قبل ازیں سوئلو نے بتایا تھا کہ کلب میں ہونے والی انتالیس ہلاکتوں میں سولہ غیرملکی بھی شامل ہیں۔ ساٹھ سے زائد زخمیوں میں بھی کئی غیرملکی ہیں۔ ترک وزیر صحت رجب عقدہ کے مطابق زخمیوں میں سے چار کی حالت انتہائی نازک ہے۔ وزیر داخلہ سوئلو کے مطابق ہلاک شدگان کی شناخت کا عمل جاری ہے اور اکیس نعشوں کی شناخت مکمل کر لی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے تصدیق کی ہے کہ حملہ آور حملے کے بعد لباس تبدیل کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔