مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کردیا ، سڈنی ٹیسٹ کھیلنے کا فیصلہ

کپتان ٹیم کی وطن واپسی پر پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے

اتوار 1 جنوری 2017 15:20

مصباح الحق نے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کردیا ، سڈنی ٹیسٹ کھیلنے کا فیصلہ

سڈنی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 جنوری2017ء) آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز 2-0 سے ہارنے پر دلبرداشتہ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق ریٹائرمنٹ کا فیصلہ موخر کرتے ہوئے سڈنی میں ہونے والا تیسرا اور آخری ٹیسٹ میچ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ کے ڈائریکٹر میڈیا اور کوآرڈینیشن امجد حسین نے کہا مصباح نے تیسرا ٹیسٹ کھیلنے کا فیصلہ کیا ہے۔

میلبرن میں اننگز اور 18 رنز کی حیران کن شکست پر مایوس مصباح الحق نے فوری ریٹائرمنٹ کا عندیہ دیا تھا اور کہا تھا کہ وہ حتمی فیصلہ آئندہ دو سے تین دن میں کریں گے۔ذرائع کے مطابق مصباح ٹیم کی وطن واپسی پر پی سی بی چیئرمین شہریار خان سے ملاقات کریں گے اور اس کے بعد ہی اپنے مستقبل کا فیصلہ کریں گے۔پاکستان کو ڈرا کی جانب گامزن میلبرن ٹیسٹ میں ڈرامائی انداز میں اس وقت شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا جب تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹنگ لائن یکدم ڈھیر ہو گئی تھی اور دو سیشن بھی میزبان باؤلنگ اٹیک کا سامنا نہ کر سکی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایسا محسوس ہوتا تھا کہ ہار کے بعد تتر بتر ٹیم کو ایک نیا کپتان ڈھونڈنے کی ضرورت پڑ سکتی ہے کیونکہ مصباح الحق نے سڈنی ٹیسٹ سے قبل ہی ریٹائرمنٹ لینے کا اشارہ دیا تھا۔میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح نے کہا کہ انہیں اپنے مستقبل کے بارے میں غور کرنے کی ضرورت ہے اور جلد ہی وہ فیصلہ کریں گے۔جب میچ کے بعد ان سے پوچھا گیا کہ کیا وہ سمجھتے ہیں کہ ان کا کیریئر ختم ہو گیا ہے تو انہوں نے جواب دیا کہ میرا ہمیشہ سے ماننا رہا ہے اگر میں ٹیم کیلئے کچھ کردار ادا نہ کر سکوں تو پھر ٹیم میں کھیلنے کا کوئی جواز نہیں۔

'یہ وہ وقت ہے کہ جب اگلے میچ سے قبل یا سیریز کے بعد مجھے اس بارے سوچنے کی ضرورت ہے۔ آئندہ دو دنوں میں اس بارے میں سوچوں گا اور فیصلہ کروں گا کہ کیا کرنا ہے کیونکہ محض ٹیم کے ساتھ رہنے اور کچھ نہ کرنے کا کوئی جواز نہیں'۔جہاں ایک طرف مصباح الحق کے کیریئر کا اختتام ہوتا نظر آ رہا ہے وہیں دوسری جانب آسٹریلین ٹیم سڈنی میں ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میچ کیلئے ٹیم میں تبدیلی کرنے کی تیاریاں کر رہی ہے.