پاکستان میں مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے لئے سب کو جدوجہد کرنی ہو گی، پاکستان بھرمیں ہندو کمیونٹی بل کے ممکنہ واپسی اور ترمیم سے متعلق خاصی تشویش کا شکار ہے

ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی کا ہندو جوڑوں کی اجتماعی تقریب سے خطاب،سال نو کی آمد پر خصوصی عبادات اور پراتھنا کا اہتمام

اتوار 1 جنوری 2017 18:10

کرا چی /اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 01 جنوری2017ء) پاکستان ہندو کونسل کے سر پرست اعلی اور ممبر قومی اسمبلی ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے کہا کہ پاکستان کو امن و سلامتی کا گہوارہ بنانے کے لیے فلاحی اقدامات کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے ٹنڈو آدم میں16ہندو جوڑوں کی اجتماعی شادی کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی اپنے خطاب میں کہا کہ معاشی اور معاشرتی اقدار کو مد نظر رکھتے ہوئے دنیا بھر میں اجتماعی شادیوں کی تقریب کو فلاحی اقدام کے طور پر دیکھا جاتا ہے ، یہی وجہ ہے کہ پاکستان ہندو کونسل وطن عزیز میں دیگر فلاحی اداروں کے اشتراک سے باقاعدگی کے ساتھ اجتماعی شادیوں کی تقریبات منعقد کر رہی ہے ۔

ڈاکٹر رمیش کمار کے مطابق سالانہ تقریب کا مقصد عالمی برادری میں پاکستان کا مثبت امیج اجاگر کرنے کے ساتھ اقلیتوں کا قومی دھارے میںبھرپور کرداریقینی بنانا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پاکستان ہندو کونسل سے چیلارام کیولانی، پامان لال اور ڈاکٹر شنکر نے اور مختلف شعبہ ہائے زندگی کی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ پاکستان ہندو کونسل کی طرف سے شادی کے بندھن میں بندھنے والے ہر جوڑے کو دس ہزار روپے بطور سلامی بھی فراہم کیے۔

اس موقع پرپاکستان ہندو کونسل کے ڈاکٹر رمیش کمار ونکوانی نے نئے سال کی مبارکباد دیتے ہوئے مزید کہا کہ آج ملک جس دور سے گزر رہا ہے اس میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو متحد ہو کر محبت، اخوت اور یگانگت کے جذبات کو فروغ دینے کی ضرورت ہے ۔نئے سال کی مناسبت سے ہندو برادری نے خصوصی عبادات اور پراتنا کا اہتمام کیا۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر رمیش کمار نے کہا کہ ہم دعا گو ہیں کہ 2017 کا سال پاکستان کے لئے امن و استحکام کا سال قرار پائے اور ہم مذہبی تفرقہ بازی اور عدم برداشت جیسے عناصر سے گریز کرتے ہوئے ایک دوسرے کا احترام کریں اور پاکستان کی ترقی وخوشحالی کے لئے خلوص دل سے کوشش کریں۔

ڈاکٹر رمیش کمار نے حال ہی میں اقلیتی بل سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھرمیں ہندو کمیونٹی بل کے ممکنہ واپسی اور ترمیم سے متعلق خاصی تشویش کا شکار ہے، انہوں نے اس حوالے سے اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔