پینٹاگون نے افغانستان میں امریکی فوجیوں کے جانی نقصان کے اعداد و شمار جاری کر دیے

پیر 2 جنوری 2017 11:13

واشنگٹن۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2017ء) امریکی وزارت دفاع پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ 2 ہزار 16 کے آخر تک افغانستان کی جنگ میں امریکاکے 2 ہزار 247 فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔2001 میں افغانستان پر امریکی حملے سے لے کر ا ب تک تقریبا 20 ہزار 200 امریکی فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔ اس وقت افغانستان میں امریکا کے 9 ہزار 8 سو فوجی موجود ہیں لیکن پروگرام کے مطابق ان کی تعداد کم کر کے 8 ہزار 4 سو کر دی جائے گی۔

(جاری ہے)

ایک اور رپورٹ کے مطابق افغانستان میں یورپی یونین کی پولیس کا مشن ختم ہو گیا ہے۔ یہ مشن 2007 ء میں شروع ہوا تھا اور ایک عشرے کے بعد یہ 2016 ء کے آخر میں ختم ہو گیا ہے۔یورپی یونین کی پولیس کا مشن افغانستان کی وزارت داخلہ میں اصلاحات اور اس ملک کی پولیس کو پیشہ ورانہ کام سکھانے کے لیے شروع کیا گیا تھا اور اس کا 2016 کا بجٹ تقریبا50 ملین ڈالر تھا۔ اس وقت افغانستان کی پولیس میں تقریبا ڈیڑھ لاکھ اہلکار خدمات انجام دے رہے ہیں۔