ایس ای سی پی نے سنگل ایسیٹ مینجمنٹ کمپنی کے میوچل فنڈ یونٹ فروخت کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز کیلئے انضباطی مطالبات کی منظوری دے دی

پیر 2 جنوری 2017 20:03

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 جنوری2017ء) سیکورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان(ایس ای سی پی) نے سنگل ایسیٹ مینجمنٹ کمپنی کے میوچل فنڈ یونٹ فروخت کرنے والے ڈسٹری بیوٹرز کیلئے آسان تصدیقی اورانضباطی مطالبات کی منظوری دے دی۔ یہ فیصلہ ایک فعال ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک قائم کرنے کی حوصلہ افزائی کیلئے کیا گیا ہے۔ تعلیم یافتہ اور تجربہ کارافراد پر مشتمل میوچل فنڈز تقسیم کاروں کا ایک نیا طبقہ متعارف کرایا گیا ہے جوکسی ایک اًیسیٹ مینجمنٹ کمپنی کے میوچل فنڈز یونٹس کی تقسیم صرف کم از کم قابلیت اور انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹ آف پاکستان کے سرٹیفیکیٹ حاصل کرکے کر سکتے ہیں۔

محض ایک اًیسیٹ مینجمنٹ کمپنی کے میوچل فنڈز یونٹس فروخت کے حصول کیلئے ڈسٹری بیوٹرز ایس ای سی پی سے لائسنس/رجسٹریشن سے مستثنیٰ ہوں گے اور موجودہ آئی ایف ایم پی سرٹیفیکیشن ان پر لاگو نہیں ہوگی۔

(جاری ہے)

مالیاتی مصنوعات کی تقسیم کاری کے پیشے میں لوگوں کی شمولیت کی حوصلہ افزائی کے لئے ڈسٹری بیوٹرز کی اہلیت کا معیار کم رکھا گیا ہے۔ ایک فرد میڑک اور انسٹی ٹیوٹ آف فنانشل مارکیٹ آف پاکستان کے سرٹیفیکیشن کے ساتھ میوچل فنڈز کے ڈسڑی بیوٹر کے طور پر کام کر سکتا ہے۔

علاوہ ازیں ماسٹر زڈگری یا دوسری پیشہ ورانہ قابلیت رکھنے والے افرادکم از کم دس سال کی سروس کے ساتھ گریڈ سولہ اور اس سے اوپر کے ریٹائرڈ سرکاری/نیم سرکاری حکام، OG-II یا اس سے اوپر کے ریٹائر بینک افسران کم از کم دس سال کی ملازمت کے ساتھ پہلے سے گزشتہ تین سال کے لئے باہمی فنڈز کی تقسیم اور انشورنس ایجنٹس کے طور پر کام کرنے والے افراداور انشورنس کمپنی کے وثیقہ کی توثیق کرنے والے تمام لوگ بھی کسی ایک اًیسٹ مینجمنٹ کمپنی میوچل فنڈز یونٹس کے فروخت کار کے طور پر کام کرسکتے ہیں۔

اًیسٹ مینجمنٹ کمپنیز کیلئے ضروری ہے کہ تقسیم کاروں کی استعداد بڑھانے، علم کی بنیاد میں اضافہ اور میوچل فنڈ یونٹس کی غلط فروخت کو روکنے کیلئے سال میں دو بار ملازمین اور ڈسٹری بیوٹرز کے لئے محکمہ کے اندر تربیت کا انتظام کریں۔ میوچل فنڈز ایسوسی ایشن آف پاکستان اس طرح کے تقسیم کاروں کی سنٹر لائزڈ ڈیٹا بیس برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہو گی اور سرمایہ کاروں کی سہولت کے لئے یہ معلومات اپنی ویب سائٹ پر فراہم کرے گی۔

ایس ای سی پی کو توقع ہے کہ یہ اصلاحات میوچل فنڈانڈسٹری کی طویل مدتی اور پائیدار نمو کے لئے بہت اہم کردار اداکریں گی کیونکہ ایک خودمختار اور وسیع ڈسٹری بیوشن نیٹ ورک کے باعث سرمایہ کاروں کی بہت بڑی تعداد اور خاص کر چھوٹے سرمایہ کارمیوچل فنڈز کا کاروبار کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :