عبدالستار ایدھی پر کتاب مرتب کرنا اعزاز ہے، مقصود چغتائی

کتاب لکھ کر کراچی والوں پر احسان کیا گیا ہے پریس کلب میں تقریب سے حسن امام پروفیسر کفیل ودیگر کا اظہار خیال

منگل 3 جنوری 2017 18:02

عبدالستار ایدھی پر کتاب مرتب کرنا اعزاز ہے، مقصود چغتائی
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 جنوری2017ء) پاکستانی قابل فخر شخصیات کو خراج عقیدت پیش کرنے کا سب سے بڑا اور اہم ذریعہ یہ ہے کہ انھیں کتابی شکل میں یاد رکھا جائے، یہ بات اسکائوٹس کے شعبے کی معروف شخصیت اور چار کتابوں کے ترتیب کار مقصود احمد چغتائی نے کراچی پریس کلب میں پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور حسن امام صدیقی کی جانب سے اپنی مرتب کردہ کتاب ’’عبدالستار ایدھی‘‘ کی تعارفی تقریب میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہی، اس موقع پر میزبان حسن امام صدیقی کے علاوہ پروفیسر کفیل احمد، اکیڈمی ادیبات کے سابق ڈائریکٹر آغا نور محمد پٹھان ، پاکستان فلم اینڈ ٹی وی جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین اطہر جاوید صوفی، صدر عبدالوسیع قریشی، معروف صحافی راشد نور، فرح ناز صاحبہ، وحید جان، اکبر سرحدی ، اخلاق احمد، پریس کلب کے رکن گورننگ باڈی عارف ہاشمی، شمس کیریو، اشرف میمن، افتخار احمد و دیگر بھی موجود تھے، مقصود احمد چغتائی نے مزید کہا کہ کراچی محبت کرنے والوں کا شہر ہے، اور خوشی کی بات یہ ہے کہ یہاں امن دوبارہ لوٹ آیا ہے، حسن امام صدیقی نے کہا کہ عبدالستار ایدھی ہمارے کراچی کی پہچان ہیں، ان پر کتاب لکھ کر مقصود احمد چغتائی نے کراچی والوں پر احسان کیا ہے، پروفیسر کفیل احمد نے کہا کہ ادب اور ثقافت کسی بھی معاشرہ کی پہچان ہوتے ہیں، عبدالستار ایدھی جیسی عظیم شخصیت پر کتاب یقینا قابل ذکر اور قابل تعریف ہے، محترمہ فرح ناز نے کہا کہ عبدالستار ایدھی پر مزید بہت کچھ لکھنے کی ضرورت ہے، ان کی شخصیت کے تمام پہلو کسی ایک کتاب میں یکجا نہیں کیے جاسکتے، راشد نور نے کہا کہ مقصود چغتائی ایک ہمہ گیر شخصیت ہیں اور بیک وقت کئی شعبوں میں کام کررہے ہیں ، ان کی نئی کاوش پر انھیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں، اطہر جاوید صوفی نے کہا کہ ادب و ثقافت کے شعبے میں جو بھی کام ہورہا ہے وہ قابل تحسین ہے، مقصود چغتائی سے اچھی امیدیں وابستہ کی جاسکتی ہیں، عبدالو سیع قریشی نے کہا کہ مقصود چغتائی کی خدمات قابل تحسین ہیں ، عبدالستار ایدھی پر کتاب لکھ کر انھوں نے ایک عظیم شخصیت کی زندگی کے بہترین پہلوئوں کو اُجاگر کیا ہے ۔

(جاری ہے)

بعدازاں مہمانوں کو کتاب پیش کی گئی ۔

متعلقہ عنوان :