باچا خان اور خان عبدالولی خان کی برسی 22 جنوری کو منائی جائیگی، اس سلسلے میں مرکزی تقریب چارسدہ میں ہوگی،22 تا 30جنوری تک صوبے کے تمام اضلاع بشمول فاٹا اور ایف آرز میں برسی کی تقریبات منعقد کی جائینگی

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان کا اے این پی کی صوبائی کابینہ سے خطاب

منگل 3 جنوری 2017 23:04

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 03 جنوری2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی 22 جنوری بروز اتوار منائی جائیگی۔ اس سلسلے میں مرکزی تقریب دن گیارہ بجے چارسدہ میں منعقد ہوگی جس سے اے این پی کے مرکزی سربراہ اسفندیار ولی خان اور دیگر مرکزی اور صوبائی قائدین خطاب کرینگے،جبکہ 22 جنوری تا 30 جنوری تک صوبے کے تمام اضلاع بشمول فاٹا اور ایف آرز میں برسی کی مناسبت سے تقاریب منعقد کی جائینگی۔

وہ منگل کو اے این پی کی صوبائی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے ، اجلاس میں یہ فیصلہ بھی کیا گیا کہ برسی کے حوالے سے منعقد کی جانے والی دعائیہ تقریبات میں مشاعرے اور باچا خان بابا اور ولی خان بابا کی زندگی پر مقالے پیش کیے جائینگے جبکہ سیاسی رہنما اپنی تقاریر میں انہیں خراج عقیدت پیش کرینگے۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر امیر حیدر خان ہوتی نے تمام اضلاع بشمول فاٹا اور ایف آرز کے صدور کو ہدایات جاری کی ہیںکہ وہ فخر افغان باچا خان اور رہبر تحریک خان عبدالولی خان کی برسی تقریبات انتہائی عقیدت اور احترام سے منائیں اور ان تقریبات میں اپنے اپنے علاقوں سے شعرا ، ادبا ، لکھاریوں اور ذیلی تنظیموں کو خصوصی شرکت کی دعوت دی جائیگی تاکہ وہ ان دونوں اکابرین کی زندگی پر سیر حاصل گفتگو کر سکیں۔