بی سی سی آئی کے عہدیدران کو فارغ کئے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ میں عدم استحکام جلد ختم ہوگا، امید ہے کہ نئی انتظامیہ پاکستان کے ساتھ سیریز کے معاہدے کی پاسداری کرے گی،پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی کی میڈیا سے گفتگو

منگل 3 جنوری 2017 23:04

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) پی سی بی کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین نجم سیٹھی نے امید ظاہر کی ہے کہ بی سی سی آئی کے عہدیدران کے فارغ کئے جانے کے بعد بھارتی کرکٹ بورڈ میں پیدا ہونے والا عدم استحکام جلد ختم ہوگا اور نئی بورڈ انتظامیہ پاکستان کے ساتھ سیریز کے معاہدے کی پاسداری کرے گی ۔لاہور میں جوجسٹو مقابلوں کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدم استحکام کسی بھی کرکٹ بورڈ کے لئے اچھا شگون نہیں ہوتا ،امید ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے اندر تنگ نظری ختم ہوگی اور وہ بھرپور طریقہ سے انٹرنیشنل کرکٹ میں حصہ لینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کے ساتھ کرکٹ سیریز کے معاہدہ کو نبھائیں گے ۔

نجم سٹیھی نے کہاکہ ہم نے بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام کو کئی دفعہ کہا کہ وہ کرکٹ کو سیاست سے نہ ملائیں ۔

(جاری ہے)

نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے مابین ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں آسٹریلیا کو ہوم گرائونڈ اور کرائوڈ کا فائدہ ہے جس کی وجہ سے پاکستانی ٹیم کو شکست کا سامنا ہے ۔یو اے ای کی گرائونڈ پاکستان کی ہوم گرائونڈ جیسی ہی ہے اور وہاں پر ہماری ٹیم نے آسٹریلیا کو وائٹ واش کیا تھا ۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان نے آسٹریلیا کی سر زمین پر گزشتہ 14سالوں سے ایک سیریز بھی نہیں جیتی ،کرکٹ بائی چانس گیم ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ملک میں سپورٹنگ وکٹیں بنائیں لیکن غیر ملکی کیوریٹر زیادہ دیر کیلئے پاکستان نہیں آنا چاہتے ،ہماری کوشش ہے کہ آسٹریلیا ،سائوتھ افریقہ ،انگلینڈ یانیوزی لینڈ سے غیر ملکی کیوریٹرز کو بلا کر تین تعلیم یافتہ مقامی کرکٹرز کو ٹریننگ دلوائیں اور پھر ان کو کیوریٹر کی ذمہ داریاں سونپیں ،تعلیم یافتہ کیوریٹر وکٹوں اور زمین کی سائنس کو سمجھ سکیں گے،پاکستان میں زیادہ تر ہیڈ مالی کیوریٹرکے فرائض سر انجام دے رہے ہیں ۔

نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ پاکستان سپر لیگ کا فائنل سو فیصد لاہور میں ہی ہوگا اور اسکے لئے حکومت پنجاب اور وزارت داخلہ کی ہمیں سپورٹ حاصل ہے،لاہور محفوظ ترین شہر ہے اور انشاء اللہ یہاں پر پی ایس ایل کا فائنل ہوگا ۔انہوں نے کہاکہ پی ایس ایل میں چھٹی ٹیم کی بڈنگ اگلے سال ہوگی جس کیلئے ہمیں کئی درخواستیں مل رہی ہیں حتی کہ یو اے ای والے بھی اپنی ٹیم کو پی ایس ایل میں شامل کرنے کے خواہش مند ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ رواں ماہ کے تیسرے ہفتے ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ کے تین آفیشلز پاکستان میں سکیورٹی کا جائزہ لینے کے لئے آرہے ہیں جبکہ جائلز کلارک بھی اپنی اہلیہ کے ہمراہ پاکستان کا دورہ کریں گے ۔نجم سیٹھی نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ٹیم مینجمنٹ سلیکشن میں کوئی دخل نہیں دیتی۔انہوں نے کہا کہ پی سی بی نے کلب کرکٹ سے نیا ٹیلنٹ حاصل کرنے کیلئے سات کروڑ روپے کی منظوری دی ہے اور امید ہے کہ 40سے 45ہزار نوجوان کرکٹرز کو کرکٹ کی سرگرمیوں میں مشغول کیا جائے گا اور تین سال بعد پاکستان میں بہت ٹیلنٹ نظر آئے گا ۔