کوئٹہ، ہنہ اوڑک روٹ پرزائد کرایہ لینے پر گاڑیوں کے خلاف کارروائی ، 60کے چالان

منگل 3 جنوری 2017 23:10

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ و ریونیو شیخ جعفرخان مندوخیل کی خصوصی ہدایت پر سیکرٹری پی ٹی اے عبدالخالق مندوخیل اور سیکرٹری آر ٹی اے امان اللہ پانیزئی نے ہنہ اوڑک روٹ پر چلنے والی گاڑیوں اور ویگنوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقررہ سرکاری کرایوں کی خلاف ورزی کرنے اورزائد کرایہ لینے پر گاڑیوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 60کو چالان، 14کو وارننگ اور3ویگنوںکے روٹ پرمٹ معطل کردیئے ۔

اس موقع پر سیکرٹری پی ٹی اے بلوچستان عبدالخالق مندوخیل نے کہا ہے کہ صوبے میں کرایہ نامے کے حوالے سے سرکاری ریٹ کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔اس سلسلے میں شکایت موصول ہونے پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ٹرانسپورٹرز حکومتی احکامات پر عملدرآمد کو یقینی بناتے ہوئے مقررہ کرایہ وصول کریں عوام کی سہولت کے لئے کرایہ نامہ ٹرانسپورٹروں کے باہمی تعاون اوراشتراک سے جاری ہواہے اس پر عمل کرناٹرانسپورٹروں پر لازم ہے جبکہ مقررہ کرایہ سے زائد وصولی پر ان کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھاری جرمانہ اور گاڑی بند کرنے کے علاوہ روٹ پرمٹ معطل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عوام کو سفری سہولیات بہم پہنچانا ہماری ذمہ داری ہے دوران سفر مسافروں سے غیر انسانی رویہ رکھنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ عوام کی سہولت کے لئے پرمٹ جاری کرتا ہے اس سلسلے میں ٹرانسپورٹروں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے کے علاوہ اپنارویہ عوام کے ساتھ درست رکھیں۔

انہوں نے کہاکہ صوبے میں ٹرانسپورٹ کی حالت ماضی کے مقابلے میں کافی بہتر ہوئی ہے لہذا ہماری ذمہ داری بنتی ہے کہ ٹرانسپورٹروں کے مسائل اور حکومتی احکامات کی پاسداری کرتے ہوئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کریں۔انہوں نے کہاکہ صوبے میں سی پیک کے منصوبے کی تکمیل سے صوبے میں ٹرانسپورٹ کے شعبے میں انقلابی تبدیلیاں رونما ہوں گی لہذا مقامی ٹرانسپورٹرز مستقبل کے چیلنجز اور اپنے کارروبار کوفروغ دینے کے لئے ابھی سے اقدامات کریں۔

متعلقہ عنوان :