پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کلکٹر کسٹمز اور کمشنر کوئٹہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کریں تاکہ پیٹرول پمپس کو پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی شروع ہو سکے ، وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

منگل 3 جنوری 2017 23:54

کوئٹہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 03 جنوری2017ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے آئل ٹینکرز کی ہڑتال کے باعث کوئٹہ شہر میں پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کی وجہ سے شہریوں کو درپیش مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے کلکٹر کسٹمز اور کمشنر کوئٹہ ڈویژن کو فوری طور پر صورتحال بہتر بنانے کے لیے اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے، وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ کسی بھی صورت شہریوں کو مسائل کا شکار ہونے نہیں دیا جائیگا، پیٹرول اور ڈیزل کی قلت کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے کلکٹر کسٹمز اور کمشنر کوئٹہ آئل ٹینکرز ایسوسی ایشن سے مذاکرات کریں تاکہ پیٹرول پمپس کو پیٹرول اور ڈیزل کی فراہمی شروع ہو سکے ، وزیراعلیٰ نے اس حوالے سے انہیں فوری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔