اقوام متحدہ کا کشمیر بارے قراردادوں پر عملدرآمد کروانے میں ناکامی بڑا انسانی المیہ ہے ،عبدالرشید ترابی

مظلوم کشمیریوں پر مسلسل ریاستی دہشت گردی کی بڑی ذمہ دار اقوام متحدہ ہے اسے اپنی غفلت ،کوتاہی کا ازالہ کرنا چاہیے ،آج کا دن اہل کشمیر کے لیے یوم عزم کی حیثیت رکھتا ہے ،قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائیگا، امیر جماعت اسلامی آزاد کشمیر کی وفود سے گفتگو

بدھ 4 جنوری 2017 16:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 04 جنوری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کا کشمیر کے حوالے سے قراردادوں پر عمل درآمد کروانے میں ناکامی بڑا انسانی المیہ ہے ،کشمیر میں جو ظلم وستم ہو رہا ہے اور جو سیاہ رات مسلط ہے ، مظلوم کشمیریوں پر مسلسل ریاستی دہشت گردی کی بڑی ذمہ دار اقوام متحدہ ہے ،اقوام متحدہ کو اپنی غفلت اور کوتاہی کا ازالہ کرنا چاہیے ،آج کا دن اہل کشمیر کے لیے یوم عزم کی حیثیت رکھتا ہے ،کشمیریوں نے بھارت کے نا جائز تسلط اور قبضے کے خاتمے کے لیے تاریخی قربانیاں پیش کیں،ان قربانیوں کو رائیگان نہیں جانے دیا جائے گا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،انہوں نے کہا کہ حالات چاہے جیسے بھی ہوں کشمیریوں نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کی جدوجہد جاری و ساری رکھے ہوئے ہے،آج 5جنوری یوم حق خودارادیت ایک ایسے موقع پرمنایا جا رہا ہے جب کہ بھارت نے کشمیریوں کی پرامن تحریک کو کچلنے کے لیے اپنی طاقت اور ریاستی دہشت گردی کا بے پناہ استعمال کیا ہے 6ماہ سے زیادہ پوری مقبوضہ ریاست پر کرفیو مسلط کر کے بھارت نے اپنے نام نہاد جمہوری چہرے پر ایک اوربد نما داغ لگایا،قتل عام کے علاوہ پیلٹ گنوں کے بڑے پیمانے پر استعمال کر کے بھارت نے ہزاروں نوجوانوں کو بینائی سے محروم کر کے ظلم و استبداد کی تاریخ کے نئے باب کا اضافہ کیا ہے ،یہ سب کچھ ایسے عالم میں ہو رہا ہے جب دنیا کو ایک گلوبل ویلیج قرار دے دیا گیا ہے اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو کشمیریوں پر ہونے والے مظالم کا نوٹس لینا چاہیے ،کشمیر کے حوالے سے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کو یقینی بنانا چاہیے،انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے حکومت پاکستان کی باحیثیت فریق ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ اپنا کردار ادا کرے ایک جامع حکمت عملی تشکیل دے ،کشمیریوں پر جاری بھارت کے وحشیانہ مظالم کو عالمی سطح پر بے نقاب کرنے کے لیے جارحانہ سفارتی مہم کا اہتمام کریں،حق خودارادیت کا حصول اسی صورت میں ممکن ہے جب کشمیری اپنی صفوں میں اتحاد و اتفاق پیدا کریں،مقبوضہ کشمیر میں قائدین حریت کا اتحاد خوش آئند ہے تحریک آزادی کشمیر کے لیے یہ ناگزیر تقاضا ہے کہ ہم باہم اتحاد و اتفاق پیدا کر کے آزادی کی جدوجہد کو منزل تک پہنچائیں،انہوں نے کہا کہ حریت قائدین نے مزاحمت کے ایجنڈے کو مشترکہ ایجنڈا قرار دیتے ہوئے تحریک کی تقویت کا اہتمام کیا ہے ،قائدین حریت لائق تحسین ہیں اور اسی رول ماڈل کو اپناتے ہوئے تمام قائدین اور تنظیمیں دنیا بھر میں جہاں بھی حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد کررہی ہیں وہ حق خودارادیت کے ون پوائنٹ ایجنڈے پر اتفاق و اتحاد پیدا کریں ،حق خودارادیت کا حصول یقینی بنانے کے لیے بیس کیمپ کا مطلوبہ کردار بحال ہو نا چاہیے جو 24اکتوبر1947ء ایک انقلابی حکومت کی تاسیس کے موقع پر طے کیا گیا تھا اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو یاد رکھنا چاہیے کہ برصغیر اور دنیا کا امن مسئلہ کشمیر کے حل سے مشروط ہے ،نریندر مودی کے انتہا پسندانہ پالیسیوں کی وجہ سے یہ خطہ جنگ کے آتش فشاں کی طرف دھکیلا جارہا ہے خطے اور دنیا کے امن کو تباہی سے بچانے کے لیے اقوام متحدہ کے نئے سیکرٹری جنرل متحرک کردار ادا کریں ۔