جیل کے کسی اہلکار نے قیدی شکیل شاہ پر کسی قسم کا تشدد نہیں کیا، ایسی خبریں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں، ترجمان سنٹرل جیل راولپنڈی

بدھ 4 جنوری 2017 23:18

راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2017ء) سنٹرل جیل راولپنڈی کے ترجمان نے ایسی خبروں کو بے بنیاد اور حقائق کے منافی قرار دیا ہے جن میں یہ تاثر دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ جیل کے کسی اہلکار نے قیدی شکیل شاہ پر کسی قسم کا تشدد کیا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق سپرنٹنڈنٹ سنٹرل جیل راولپنڈی نے میڈیا رپورٹس اور حوالاتی کی طرف سے جوڈیشل مجسٹریٹ راولپنڈی شاہد حمید چوہدری کو لکھی گئی درخواست پر تحقیقات کروائیں اور ملزم کا میڈیکل بھی کروایا گیا جس کے مطابق ملزم کے جسم پر تشدد کا کوئی نقصان نہیں ہے۔

ترجمان کے مطابق ملزم شکیل شاہ ولد فدا حسین 29 ستمبر 2015ء کو ڈکیتی، راہزنی اور ناجائز اسلحہ رکھنے پر گرفتار ہوا۔ ملزم 13 مختلف جرائم میں جیل میں بند رہ چکا ہے۔ ترجمان کے مطابق مذکورہ ملزم کی 17 دسمبر 2016ء کو اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ نے ایڈیشنل گارڈ کے ہمراہ مذکورہ حوالاتی کی تلاشی کروائی جس کے لاکر سے ایک عدد موبائل فون، دو عدد ہینڈ فری اور ایک عدد چارجر بھی برآمد ہوئے تھے اور ممنوعہ اشیاء رکھنے کی پاداش میں مذکورہ حوالاتی کو قانون کے مطابق علیحدہ بند کردیا گیا۔

متعلقہ عنوان :