فلپائن میں 100 مسلح افراد کا جیل پر حملہ‘ 158 قیدی فرار‘پولیس کی فائرنگ سے6قیدی ہلاک

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 4 جنوری 2017 23:22

فلپائن میں 100 مسلح افراد کا جیل پر حملہ‘ 158 قیدی فرار‘پولیس کی فائرنگ ..

کیداپاوان(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04جنوری۔2017ء) فلپائن میں 100 کے قریب مسلح افراد نے ایک جیل پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں تقریباً 158 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے جن کی تلاش جاری ہے۔رپورٹ کے مطابق فلپائن کے صوبے کوٹا باٹو کے شہر کیدا پاوان میں واقع شمالی کوٹا باٹو جیل پر مسلح افراد نے بدھ کو علی الصبح حملہ کیا۔

پولیس حکام کے مطابق حملہ آوروں سے نمٹنے کے لیے پولیس اور فوج کی اضافی نفری بھی طلب کی گئی اور فائرنگ کا تبادلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا۔پولیس کا کہنا ہے کہ جوابی کارروائی میں 6 قیدی ہلاک ہوگئے جن میں سے پانچ وہ قیدی تھے جو فرار ہونے کی کوشش کررہے تھے جبکہ باغیوں کی فائرنگ سے ایک گارڈ بھی ہلاک ہوگیا۔کیدا پاوان کے پولیس چیف سپرنٹنڈنٹ لیو اجیرو نے بتایا کہ بھاری ہتھیاروں سے لیس حملہ آوروں کا تعلق کالعدم بینگ سامورو اسلامک فریڈم فائٹرز اور مورو اسلامک لبریشن فرنٹ سے منحرف ہونے والے دھڑے سے ہوسکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ جیل پر حملے کی وجہ سے تقریباً 158 قیدی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے اور قریبی جنگلوں میں چھپ گئے ہیں جن کی تلاش شروع کردی گئی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ گھنے جنگل کی وجہ سے فرار ہونے والے قیدیوں کی تلاش میں مشکلات کا سامنا ہے۔اسے فلپائن کی تاریخ میں جیل توڑنے کا سب سے بڑا واقعہ قرار دیا جارہا ہے، اس جیل میں تقریباً 1500 قیدی موجود ہیں جن میں کالعدم تنظیم بینگ سامورو کے کارکن بھی شامل ہیں اور ان پر بم دھماکوں اور قتل کے الزامات ہیں۔

متعلقہ عنوان :