ڈاکٹر شاہد مسعود نے وزارت داخلہ اور آئی ایس پی آر کو خبردار کر دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 جنوری 2017 12:24

ڈاکٹر شاہد مسعود نے وزارت داخلہ اور آئی ایس پی آر کو خبردار کر دیا

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 جنوری 2017ء) : پاکستان کے معروف صحافی اور تجزیہ نگار ڈاکٹر شاہد مسعود نے وزارت داخلہ اور آئی ایس پی آر کو خبردار کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کے ایک پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود کا کہنا تھا کہ گوگل پر وکی پیڈیا پر میری پروفائل کس نے بنائی مجھے علم نہیں ہے لیکن گذشتہ 10 دنوں سے اس پروفائل میں تبدیلی کی جا رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سماجی رابطے کی ویب سائٹ فیس بُک پر بھی میرے نام سے کئی جعلی پیجز موجود ہیں جن کی شکایت میں بارہا نیشنل سکیورٹی آفس اور دیگر اداروں تک بھی اپنے پروگرام کے توسط سے کر چکا ہوں۔ اپنے پروگرام میں بات کرتے ہوئے ڈاکٹر شاہد مسعود نے بتایا کہ میں نے وکی پیڈیا کا معاملہ اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے حوالے کیا تو حیران کُن انکشاف ہوا کہ میرا پروفائل ایک ثاقب نامی شخص تبدیل کر رہا ہے ، یہی شخص اسحاق ڈار کی پروفائل بھی بنا رہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے پروگرام میں ڈاکٹر شاہد مسعود نے مزید بتایا کہ یہی ثاقب نامی صارف نثار علی خان ، خواجہ آصف کا بھی پروفائل بنا رہا ہے اور مزید حیران کُن بات یہ کہ یہی صارف وکی پیڈیا پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی پروفائل بھی بنا رہا ہے۔ اپنے پروگرام میں انہوں نے کہا کہ یہ حیران کُن بات ہے اور اپنے پروگرام کے توسط سے میں اس معلومات کو آئی ایس پی آر ، انٹیلی جنس سروسز اور وزارت داخلہ کے حوالے کرتا ہوں، تاکہ وہ اس کو دیکھیں کہ یہ کون ہے اور یہ سب کیوں کر رہا ہے؟