ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں ضمانت منظور

پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دمادم مست قلندر کریگی،سابق وزیراعظم

جمعرات 5 جنوری 2017 18:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 جنوری2017ء) وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ نے ٹڈاپ اسکینڈل کیس میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کی 5 مقدمات میں ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی ہے۔جمعرات کو کراچی وفاقی اینٹی کرپشن کورٹ میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف ٹڈاپ اسکینڈل کیس کے 5 مقدمات میں ضمانتوں کی توثیق سے متعلق سماعت ہوئی۔

عدالت نے یوسف رضا گیلانی کی پانچوں مقدمات میں ضمانت منظور کرلی جبکہ یوسف رضا گیلانی کو تمام مقدمات میں حاضری سے استثنیٰ بھی دے دیا۔ یوسف رضا گیلانی کے خلاف قائم مقدمات میں ایف ائی اے کے ڈائریکٹر دلائل دینے کے کئے آج بھی پیش نہ ہوئے عدالت نے یوسف رضا گیلانی کے خلاف پانچوں مقدمات میں ضمانت میں منظور کرتے ہوئے سماعت 2 فروری تک ملتوی کردی، سماعت کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ ٓاج عدالت نے میری پانچوں مقدمات میں ضمانت منظور کرلی ہے۔

(جاری ہے)

میرے خلاف ایف ائی اے نے ایک ہی طرز پر 26 مقدمات بنائے تھے مجھے آج عدالت نے حاضری سے استثنیٰ دے دی ہے۔ ہم عدالتوں کا احترام کرتے ہیں۔ مجھے امید ہے عدالتوں سے انصاف ملے گا۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پیپلز پارٹی آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پارلیمنٹ کے اندر اور باہر دمادم مست قلندر کرے گی۔