پشاور میں میونسپل سروسز پروگرام اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے ترقیاتی منصوبوںپر ایک ارب 56 کروڑ روپے خرچ کئے گئے، سنئیر صوبائی وزیر عنایت اللہ

جمعرات 5 جنوری 2017 21:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 05 جنوری2017ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر بلدیات و دیہی ترقی عنایت اللہ نے کہا ہے کہ شہرِ پشاور میں میونسپل سروسز پروگرام اور یو ایس ایڈ کے تعاون سے پینے کی صاف پانی کی فراہمی ، نکاسی آب، نالیوں کی تعمیر، ٹیوب ویلز کی بحالی اور آبنوشی کے زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی پر اب تک ایک ارب 56 کروڑ روپے خرچ کئے گئے جس کے نتیجے میں نہ صرف آبنوشی اور نکاس آب کی صورتحال میں بہتری آئیگی بلکہ شہرِ پشاور کی خوبصورتی میں یہ اقدامات ممد و معاون ثابت ہونگے۔

ان خیالات کا اظہار ا نہوں نے اپنے دفتر سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کے لئے آئے ہوئے مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی صدر خالد وقاص اور بحراللہ بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سینئر وزیر نے کہا کہ سماجی بہبود کے شعبوں کی بہتری صوبائی حکومت کی اولین تر جیح ہے اور ایم ایس پی پروگرام کے تحت شہرِ پشاور کی 25یونین کونسلوں میں ایک لاکھ 8ہزار میٹر نالیاں تعمیر کی گئی ہیں اور ایک لاکھ48ہزار میٹر نالیوں کی صفائی کی گئی ہے جبکہ 40عدد ٹیوب ویلز بحالی کیے گئے ہیں اور 62ہزار میٹر زنگ آلودآبنوشی کے پائپوںکی تبدیلی کی گئی ۔

اسی طرح کوڑا کرکٹ کو ٹھکانے لگانے کیلئے 8ہزار کی تعداد میں سالڈویسٹ مشینری اور دیگر آلات خریدے گئے ہیں۔ عنایت اللہ نے مزید کہا کہ میونسپل سروسز پروگرام کو ڈی آئی خان ، مینگورہ اور دیر شہر تک توسیع دی گئی ہے اور ڈی آئی خان شہر میں نالیوں کی تعمیر،ٹیوب ویلز کی بحالی اور آبنوشی کے بوسیدہ پائپوں کی تبدیلی پر 8ملین روپے خرچ کئے جائینگے۔

جبکہ مینگورہ میں آ بنوشی کے زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی، ٹیوب ویلز کی بحالی، نالیوں کی تعمیر پر ایک ہزار ملین روپے خرچ ہونگے۔ اسی طرح دیر میں نالیوںکی تعمیر ، آب رسانی اور زنگ آلود پائپوں کی تبدیلی پر 530ملین روپے خرچ کئے جائینگے۔ سینئر وزیر نے کہا کہ مخلوط حکومت عوام کی معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے عملی اقدامات کر رہی ہے اور قوم سے کئے گئے تمام وعدے بتدریج پورے کئے جارہے ہیں

متعلقہ عنوان :