مخالفین کے تمام پراپیگنڈے کے باوجود گلگت بلتستان کے لیئے سی پیک میں حصہ رکھا گیا ، وزیر اطلاعات منصوبہ بندی و ترقیات

گلگت بلتستان کو بھی ترقی اور قومی دھارے میں شامل کرنا مسلم لیگ ن کی حکومت کا عزم ہے، سی پیک کے آغاز کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیاں عروج پر ہیں، اقبال حسن

جمعرات 5 جنوری 2017 22:03

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 05 جنوری2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات منصوبہ بندی و ترقیات اقبال حسن نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں پہلی بار صوبائی حکومت دور دراز کے علاقوں میں عوام النا س کے مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ تمام وزراء اپنے اپنے حلقوں میں عوام کے مسائل کا جائزہ لے رہے ہیں اور ضلعی سطح پر ڈپٹی کمشنرز سمیت تمام زمہ داران کو عوام کے مسائل کے حل کے لیئے اقدامات کرنے کے لیے احکامات جاری کر دیئے گئے ہیں۔

گزشتہ روز ایک بیان میںصوبائی وزیر نے کہا کہ تمام ڈویژنوں میں سرکاری ادارے مکمل فعال ہیں اور نئے اضلاع کے قیام کے بعد ان علاقوں میں سرکاری حکام کی تعیناتی کے مراحل طے ہوچکے ہیں ۔ کھرمنگ اور شگر سمیت تمام نئے اضلاع میں عوام کو اپنے گھر کی دہلیز پر ہی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اہم ترین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

سی پیک کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیرمنصوبہ بندی و ترقیات نے کہا کہ مخالفین کے تمام تر پراپیگنڈے کے باوجود گلگت بلتستان کے لیئے اس اہم ترین منصوبے میں حصہ رکھا جا چکا ہے جو کہ ایک تاریخی حقیقت ہے ، پاکستان کے باقی تمام صوبوں کی طرز پر گلگت بلتستان کو بھی ترقی اور قومی دھارے میں شامل کرنا مسلم لیگ ن کی حکومت کا عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے آغاز کے ساتھ ہی گلگت بلتستان میں معاشی سرگرمیاں عروج پر ہیں۔ عوام کو اس بات کا ادراک ہے کہ امن و آتشی کا ماحول اور معاشی سرگرمیاں لازم و ملزوم ہیں۔ صوبائی حکومت کی کاوشوں سے ہماری حکومت کے آنے کے بعد گلگت بلتستان امن کا گہوارا بن چکا ہے اورپاکستان کے تمام علاقوں کی نسبت گلگت بلتستان کے تمام اضلاع میں امن و امان کی صورتحال مثالی ہے۔