بچی پر تشدد ، سپریم کورٹ کی ازخود نوٹس کیس کی سماعت آج لگانے کی ہدایت

جمعرات 5 جنوری 2017 23:14

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جنوری2017ء) سپریم کورٹ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرارکی جانب سے ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد کے گھرمیں تشدد کانشانہ بنائی جانے والی کمسن بچی کے حوالے سے رپورٹ جمع کرانے کے بعد ازخود نوٹس کیس آج جمعہ کوسماعت کیلئے لگانے کی ہدایت کردی ہی ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں بچی کے والدین اور جج کے درمیان صلح نامہ، پولیس کی تفتیش اور ایڈیشنل سیشن جج اور بچی کے بیانات شامل ہیں،اسی حوالہ سے عاصمہ جہانگیر ایڈووکیٹ نے بھی ایک آئینی درخواست میں ایڈیشنل سیشن جج راجہ خرم، ان کی اہلیہ ماہین ظفر، بچی کے والد، وزارت داخلہ اور جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد وغیرہ کو فریق بناتے ہوئے زخمی بچی کو عدالت میں پیش کرکے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے،راجہ خرم اور اس کی اہلیہ کے خلاف ڈسپلنری کارروائی کرنے کی بھی استدعا کی ۔

عدا لت نے ایڈووکیٹ جنرل ا سلام آباد ، ڈی آئی جی اورایس ایس پی اسلام آبادکونوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ سمیت طلب کرلیا ہے اورکہاکہ عدالت میں متاثرہ بچی ،اس کے والدین اوردیگرمتعلقہ رشتہ داروں کوبھی پیش کیاجائے۔ عدالت نے ایڈیشنل جج کی اہلیہ ماہین ظفرکوبھی نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت کی کہ ان کی حاضری کوبھی یقینی بنایاجائے۔