نوجوانوں کو بے مقصدیت کے طوفان سے نکال کر اپنے اسلاف اور اسلامی روایات سے جوڑیں،دنیا میں جہاں بھی انقلاب آیا یا آزادی کی تحریک منزل سے ہمکنار ہوئی تو اس کی پشت پر نوجوان کھڑے تھے ،مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ 25سال سے آزادی کی جو تحریک چل رہی ہے نوجوان اس کا ہر اول دستہ ہیں ‘نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں میں حصہ لیں

جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی کا جماعت اسلامی یوتھ آزاد جموں وکشمیر کے ذمہ داران اور امراء اضلاع کے مشترکہ اجلاس سے خطاب

جمعہ 6 جنوری 2017 15:55

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر و ممبر قانون ساز اسمبلی عبدالرشید ترابی نے کہا ہے کہ نوجوانوں کو بے مقصدیت کے طوفان سے نکال کر اپنے اسلاف اور اسلامی روایات سے جوڑیں،دنیا میں جہاں بھی انقلاب آیا یا آزادی کی تحریک منزل سے ہمکنار ہوئی تو اس کی پشت پر نوجوان کھڑے تھے ،مقبوضہ کشمیر میں گذشتہ 25سال سے آزادی کی جو تحریک چل رہی ہے نوجوان اس کا ہر اول دستہ ہیں نوجوانوں کو مثبت سرگرمیاں دیں ،کھیلوںکے کلب قائم کریں اپنی تہذیب سے نوجوانوں کو جوڑیں ،مغربی تہذیبی یلغار سے نوجوانوں اور خواتین کو بچائیں،اپنے گھروں کے مورچوں کو مضبوط کریں خاندانی نظام کو ٹوٹنے سے بچائیں،نوجوان ظلم وستم سے ستائے ہوئے مظلوموں کی داد رسی کریں ،ان خیالات کااظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ آزاد جموں وکشمیر کے ذمہ داران اور امراء اضلاع کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقع پر جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل ارشد ندیم ایڈووکیٹ،جماعت اسلامی یوتھ پاکستان کے صدر زبیر گوندل،جماعت اسلامی یوتھ آزاد کشمیر کے صدر امجد یعقوب ،سیکرٹری جنرل راجہ نزاکت علی خان،سمیت دیگر قائدین نے خطاب کیا،اجلاس میں برہان مظفر وانی شہید ریلیز کے انعقاد کا فیصلہ کیا گیا ،ہفتہ یکجہتی کشمیر منانے کا فیصلہ کیا گیا اور نوجوانوں کو بڑے پیمانے پر منظم کر کے معاشرے میں حقیقی تبدیلی لانے کے اقدامات طے کیے گئے ،اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے عبدالرشید ترابی نے کہا کہ اس وقت دنیا میں جہاں بھی اسلامی انقلاب اور تبدیلی کے لیے جدوجہد برپا ہے اس میں نوجوان ہر اول دستہ ہیں اس سے خوفزدہ ہو کر مغرب نے امت کے نوجوانوں کو دین اور جہاد سے دور کرنے کے لیے اپنی تہذیبی یلغار کر رکھی ہے اور اپنے سارے وسائل کے ساتھ امت کے نوجوانوں کو خواتین کو ہدف بنائے ہوئے ہیں پونچھ میں توہین رسالت کے واقعات اسی سلسلے کی کڑی ہے ان حالات میں جماعت اسلامی یوتھ اور جماعت اسلامی کی ذمہ داری ہے کہ وہ دین کی دعوت کو نوجوانوں اور خاص و عام ہر فرد تک پہنچائیں ان کو دین سے جوڑیں اسلامی تہذیب اپنانے کی ترغیب دیں اللہ اور اس کے رسول ؐ کی تعلیمات اپنانے کی تلقین کریں ،آزاد کشمیر میں نوجوان اور خواتین آبادی کا ایک بڑا حصہ ہیں ان پر کا م کرنے کی ضرورت ہے آزاد کشمیر اور پاکستان میں نوجوانوں کی کردار سازی کا کوئی ادارہ کام نہیں کر رہا جماعت اسلامی یوتھ اور جماعت اسلامی اس کمی کو پورا کرتے ہوئے نوجوانوں کی کردار سازی اور تعلیم و تربیت کا اہتمام کرے ،انہوں نے کہا کہ بلا تحصیص نوجوانوں کو دعوت پہنچائی جائے ان کو اپنے ساتھ شامل کیا جائے اور اپنی صفوں کو مضبوط کر کے سماج اور معاشرے کی اصلاح کی جائے اسی میں دنیا اور آخرت کی کامیابی ہے کشمیر کی آزادی اور آزاد خطے میں حقیقی تبدیلی ہمارا ہدف ہے یہ خطہ آزاد ہی اللہ کے نظام کے قیام کے لیے کیا گیا تھا جو ابھی تک تشنہ ہے جماعت اسلامی اپنی بساط میں بھرپور کوشش کررہی ہے کہ آزاد خطہ ایک رول ماڈ ل بنے جو یہاں کے مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ تحریک آزادی کشمیر میں اپنا مطلوبہ کردار ادا کرے ،ان ہی اہداف کے پیش نظر جماعت اسلامی نے مسلم لیگ ن کے ساتھ مفاہمت کی اور اس کے نتیجے میں آزاد کشمیر حکومت نے جو مثبت اقدامات کیے ہیں جماعت اس کی بھرپور تحسین کرتی ہے اور مزید مثبت اقدامات کے لیے تحریک کرتی رہے گی ،انہوں نے کہا کہ اصل ہدف نوجوانوں کو لادینیت اور بے مقصدیت سے نکال کر اسلام کی با مقصد زندگی کی طرف لانا ہے اللہ تعالیٰ نے انسانوں کی تخلیق ایک مقصد کے لیے کی اور وہ مقصد انبیاؑ اور الہامی کتب کے ذریعے بتا دی ہیں اور آخری نبی ؐ اور آخری کتاب قرآن مجید میں وہ سارا مقصد زندگی کھول کر بیان کر دیا ہے اور نبی ؐ نے عملی طور پر اپنا کر بتا دیا ہے انہوں نے کہا کہ اب کوئی نبی نہیں آئے گا امت نے اس مقصد کو لے کر چلنا ہے اور اللہ کی زمین پر اللہ کا نظام نافذ کرنا ہے اور باقی لوگوں تک اللہ کا یہ پیغام پہنچانا ہے انہوں نے امراء اضلاع کو ہدایت کی کہ کام کی رفتا کو تیز کریں اپنے گھروں ،محلے سے اس کاآغاز کریں۔