نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے الیکشن 2017میں جرنلسٹ پینل کے امیدوارں نے کامیابی حاصل کر لی

شکیل انجم صدر ،عمران یعقوب ڈھلوں جنرل سیکر ٹری اور اسحاق چوہدری فنانس سیکر ٹری منتخب سپیکر قومی اسمبلی ،وزیر مملکت اطلاعات ،سابق صدر آصف علی زرداری و دیگر کی جانب سے نو منتخب باڈی کو مبارکبا د آزاد،خودمختار اورذمہ دار میڈیا کی حمایت جاری رکھیں گے،صحافیوں کی فلاح اور سلامتی اولین ترجیح ہے،وفاق صوبوں کے ساتھ صحافیوں کوکام کیلئے بہترین ماحول فراہم کریگا،امید ہے کہ نیشنل پریس کلب کے نئے عہدیدار صحافیوں کی فلاح کیلئے کام کرینگے،وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب منتخب باڈی کا انتخاب صحافی برادری کی جانب سے ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے،آصف علی زرداری

جمعہ 6 جنوری 2017 22:49

ٓاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 06 جنوری2017ء) نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے الیکشن 2017میں جرنلسٹ پینل کے امیدوارں نے کامیابی حاصل کر لی،شکیل انجم صدر ،عمران یعقوب ڈھلوں جنرل سیکر ٹری اور اسحاق چوہدری فنانس سیکر ٹری منتخب ہوگئے۔ سپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق ،وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب ،سابق صدر آصف علی زرداری ،جنرل (ر)پرویز مشرف و دیگر کی جانب سے نو منتخب باڈی کو مبارکبا د دی گئی۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے الیکشن2017گزشتہ روز منعقد ہوئے جس میں جرنلسٹ پینل کے تمام امیدوارں نے کامیابی حاصل کر لی ۔جرنلسٹ پینل کے شکیل انجم صدر ،عمران یعقوب ڈھلوں جنرل سیکر ٹری اور اسحاق چوہدری فنانس سیکر ٹری منتخب ہوگئے۔

(جاری ہے)

نائب صدور کی نشستوں پر آصف علی بھٹی ،ابراہیم کمبر،نوید اکبر چوہدری اور مائرہ اعظم منتخب ہوئیں جبکہ جوائنٹ سیکر ٹری کی نشستوں پر عابد عباسی ،شکیلہ جلیل اوراقبال ملک منتخب ہوئے۔

دوسری جانب وزیر مملکت اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پریس کلب کی نو منتخب باڈی کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت آزادی اظہار پر یقین رکھتی ہے،آزاد،خودمختار اورذمہ دار میڈیا کی حمایت جاری رکھیں گے،صحافیوں کی فلاح اور سلامتی ہماری اولین ترجیح ہے،وفاق صوبوں کے ساتھ صحافیوں کوکام کیلئے بہترین ماحول فراہم کریگا،امید ہے کہ نیشنل پریس کلب کے نئے عہدیدار صحافیوں کی فلاح کیلئے کام کرینگے۔

دوسری جانب سابق صدر اور پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی ز رداری نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے امیدوار وں کو مبارکباد ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب صحافی برادری کی جانب سے ان کی قائدانہ صلاحیتوں پر اعتماد کا مظہر ہے۔ انہوںنے اس امید کا اظہار کیا کہ نئے منتخب عہدیدار جوش اور جذبے کے ساتھ صحافی برادری کی خدمت کرتے رہیں گے۔

آصف علی زرداری نے شکیل انجم سے کہا کہ وہ اپنی کابینہ کے دیگر اراکین کو بھی ان کی جانب سے مبارکباد پیش کر دیں۔ آل پاکستان مسلم لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد اور پریس سیکرٹری شہزاد عربی ستی نے نیشنل پریس کلب کے انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے والے صحافی راہنمائوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نو منتخب قیادت پاکستان میں صحافیوں کو درپیش مسائل حل کرنے اور ان کے حقوق کے لئے آواز اٹھانے میں اپنا بہترین کردارادا کرے گی انہوں نے کہا کہ پاکستان میںصحافیوں کو اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے میں ہمیشہ دشواریوں کا سامنا رہا ہے۔اب بھی اس بات کی اشد ضرورت ہے کہ ان کے مسائل حل کئے جائیں تا کہ وہ آزادانہ طور پر قوم کی خدمت جاری رکھ سکیں۔ (رڈ)