کراچی‘ احتساب عدالت نے 5 ارب سے زائد کی کرپشن کے ریفرنس میں ملوث پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وفاقی وزیر شرجیل انعام میمن کے 14 جنوری تک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے

ہفتہ 7 جنوری 2017 19:53

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 07 جنوری2017ء) احتساب عدالت نے 5 ارب روپے سے ذائد کی کرپشن کے ریفرنس میں ملوث پیپلزپارٹی کے رہنماء سابق وفاقی وزیر شرجیل انعام میمن کے 14 جنوری تک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے نیب حکام کو ہدایت کی ہے کہ ملزم کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کیا جائے،ہفتے کو سماعت کے موقع پر شرجیل انعام میمن کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے موکل دبئی میں شدید علالت کے سبب اسپتال میں زیر علاج ہیں،اس موقع پر نیب پراسیکیورٹر نے موقف اختیار کیا کہ شرجیل انعام میمن جان بوجھ کر عدالت میں پیش نہیں ہورہے ہیں اور ان کی بیماری ایسی نہیں ہے جس کی وجہ سفر نہ کرسکیں ،ملزم کے وکیل نے مزید موقف اختیار کیا کہ شرجیل انعام میمن کی حفاظتی ضمانت میں توسیع کی درخواست عدالت عالیہ سندھ میں زیر سماعت ہے ،جس کے بعد توقع ہے کہ ان کی ضمانت میں توسیع کردی جائے گی ،لہذا عدالت سے استدعا ہے کہ سماعت ملتوی کی جائے،عدالت نے طرفین کے وکلاء کے دلائل سننے کے بعد ملزم شرجیل انعام میمن کے 14 جنوری تک ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے،ریفرنس میں شرجیل انعام میمن کے علاوہ محکمہ اطلاعات سندھ سابق سیکریٹری اطلاعات سمیت دیگر افسران بھی ملوث ہیں،جن میں سے بعض افسران نے عبوری ضمانت حاصل کررکھی ہے۔

متعلقہ عنوان :