سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کار اور وین میں تصادم ، 5خواتین اور بچے سمیت 14 افراد جاں بحق، 15 زخمی

اتوار 8 جنوری 2017 21:00

سوہاوہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جنوری2017ء) سوہاوہ میں جی ٹی روڈ پر کار اور وین میں تصادم کے نتیجے میں 5خواتین اور بچے سمیت 14 افراد جاں بحق اور 15 زخمی ہوگئے جن میں سے 4کی حالت انتہائی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق اتوار کو سوہاوہ سے رینٹ پر حاصل کردہ ایکس ایل آئی کار نمبرQG-343کے سوار جی ٹی روڈ پرجب پنڈ متے خان کے قریب پہنچے تو برق رفتا رکار کااگلا بایاں ٹائر اچانک پھٹ گیا اورکار بے قابوحالت میں ہوامیں قلا بازی کھاتے ہوئے دوسری سڑک پرمسافروں سے بھری راولپنڈی سے گجرات جانے والی ٹویوٹاہائی ایس وینLWN2371 سے جا ٹکرائی جس کے نتیجے میں سوہاوہ کے رہائشی تین کارسوار حارث وحید، عمر زاہد، محمد عقیل کے علاوہ مسافر وین سوارپانچ خواتین اور ایک بچے سمیت مجموعی طور پر14افراد جاں بحق اورایک کار سوارسمیت15دوسرے زخمی ہوگئے زخمیوں میں تین معصوم بچے بھی شامل ہیںان بچوں کی عمریں تین سے پانچ سال تک ہیں جنہیں پِمز اور باقی زخمیوں کو DHQہسپتال راولپنڈی منتقل کیا گیاہے ،زخمی اور مرنے والوں کوریسکیو 1122کے والنٹیئرز اورامداد کرنیوالے دوسرے اداروں کی مدد سے THQہسپتال سوہاوہ منتقل کیا گیا،حادثہ کے ساتھ ہی ہی مقامی افراد، ریسکیو1122کی ٹیمیں، ڈی ایس پی واسسٹنٹ کمشنر سوہاوہ ، ایم پی اے وپارلیمانی سیکرٹری راجہ اویس خالد ،موٹر ویز پولیس کے ڈی آئی جی عباس احسن، ایس پی جہلم حسن اسد علو ی اور دوسرے حکام بھی وقوعہ پر پہنچ گئے ،انہوں نے زخمیوں کی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال سوہاوہ میں عیادت بھی کی ،جاں بحق بیشتر مسافروں کی رات گئے تک شناخت نہ ہو سکی تھی، شناخت ہوجانے والے افراد کے لواحقین سے رابطے اور انکی آمدجا ری تھی۔