بیت المقدس ،4 یہودی فوجیوں کی ہلاکت دشمن پر جراتمندانہ مزاحمتی حملہ ہے،حماس

ٹرک حملہ صہیونی ریاست کے جرائم کا فطری ردعمل ہے، اسلامی جہاد

پیر 9 جنوری 2017 14:46

غزہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) مقبوضہ بیت المقدس میں گزشتہ روز ٹرک کی ٹکر سے 4یہودی فوجیوں کی ہلاکت اور 15کے زخمی ہونے کے واقعے پر فلسطینی تنظیموں نے بیت المقدس میں کی گئی کارروائی کو دشمن پر جراتمندانہ مزاحمتی حملہ قرار دیتے ہوئے پوری قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔اسلامی تحریک مزاحمت نے بیت المقدس میں ہونیوالی مزاحمتی کارروائی کی تحسین کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کے جرائم کا فطری رد عمل قرار دیا ہے۔

حماس ترجمان عبدالطیف القانون نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیت المقدس میں فدائی حملہ فلسطینی مقدسات، الاقصیٰ کی بے حرمتی اور دیگر صہیونی ریاست کے جرائم کا نتیجہ اور فطری رد عمل ہے۔انہوں نے غرب اردن، غزہ کی پٹی اور بیت المقدس کے فلسطینی شہریوں پر زور دیا کہ وہ صہیونی ریاست کے جرائم کے مقابلے میں اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کریں۔

(جاری ہے)

فلسطینی تنظیم تحریک احرار نے بھی بیت المقدس میں ہونیوالی مزاحمتی کارروائی کو بہادرانہ اور جرات مندانہ اقدام قرار دیا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ بیت المقدس میں قابض صہیونی فوجیوں پر ٹرک سے حملہ اس بات کا ثبوت ہے کہ فلسطینی تحریک انتفاضہ کو طاقت کے ذریعے کچلنے کی صہیونی سازشیں ناکام ثابت ہوئی ہیں۔اسلامی جہاد نے بھی بیت المقدس میں اسرائیلی فوجیوں پر ٹرک سے حملے کی تحسین کرتے ہوئے اسے صہیونی ریاست کے جرائم کا فطری رد عمل قرار دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :