گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے جہاز میں آتشزدگی ،5مزدور جاں بحق،11 لاپتہ

پلاٹ نمبر 60 میں کھڑے ایل پی جی کے ناکارہ جہاز پر حادثے کے وقت 100کے قریب مزدور کام کررہے تھے

پیر 9 جنوری 2017 15:32

حب(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 09 جنوری2017ء) صوبہ بلوچستان کے ساحلی علاقے گڈانی کے شپ بریکنگ یارڈ میں کھڑے ایک ناکارہ جہاز میں آگ بھڑک اٹھی،پانچ مزدور جاں بحق ہو گئے ، امدادی ٹیموں نے پانچ افراد کی لاشیں نکال لیں ، 11مزدور لاپتہ ہو گئے ۔پولیس ذرائع کے مطابق شب بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 60 میں کھڑے ایل پی جی کے ناکارہ جہاز پر کام جاری تھا کہ اس میں آگ لگی۔

ذرائع نے بتایا کہ حادثے کے وقت جہاز میں 100 کے قریب مزدور کام کررہے تھے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ اور ریسکیو کا عملہ متاثرہ مقام پر پہنچ گیا جنہوں نے امدادی کاموں میں حصہ لیتے ہوئے مزدوروں کو باہر نکالا ،اس دوران پانچ مزدوروں کی لاشیں ملی ہیں جبکہ 11ابھی تک لاپتہ ہیں۔بتایا جارہا ہے کہ جہاز شپ بریکنگ یارڈ ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین رضوان دیوان فاروقی کی ملکیت تھا، جنھوں نے گذشتہ برس نومبر میں اپنے عہدے سے استعفیٰ دیا تھا۔

(جاری ہے)

اس سے قبل گذشتہ ماہ 22 دسمبر کو بھی شپ بریکنگ یارڈ کے پلاٹ نمبر 60 کے ایک ناکارہ جہاز میں آگ بھڑک اٹھی تھی، تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تھا۔گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں آتشزدگی کا بدترین واقعہ گذشتہ برس نومبر میں پیش آیا تھا، جب ناکارہ تیل ٹینکر میں ہونے والے دھماکوں اور آگ لگنے کے نتیجے میں 27 مزدور ہلاک جبکہ 58 زخمی ہوگئے تھے۔پاکستان میں گذشتہ چند سالوں میں آتشزدگی اور دیگر واقعات میں مزدوروں کی ہلاکت میں غیر معمولی اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ یہ ہے کہ یہاں فیکڑیوں اور دیگر تجارتی مراکز میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کے انتظامات ناکافی اور بین الاقوامی معیار کے مطابق نہیں ہیں۔

مزدوروں کی حفاظت کے لیے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں جس کے باعث اکثر اس قسم کے حادثات رونما ہوتے رہتے ہیں۔