مسلم ملکوں میں انتشار کے پیچھے عالمی قوتوں کی ناپاک سازشیں کارفرما ہیں،ڈاکٹرمزمل اقبال ہاشمی

تفرقہ بازی اور ذاتی مفادات کے لیے جدوجہد مسلمانوں کے لیے نقصان دہ ہے،مسئول جماعة الدعوة کراچی

پیر 9 جنوری 2017 16:35

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے کہا ہے کہ مسلم ملکوں میں انتشار کے پیچھے عالمی قوتوں کی ناپاک سازشیں کارفرما ہیں۔ تفرقہ بازی اور ذاتی مفادات کے لیے جدوجہد مسلمانوں کے لیے نقصان دہ ہے۔ اسلام دشمن قوتیں غلبہ اسلام کی تحریکوں کو روندنا چاہتی ہیں۔ دشمنوں کی رکاوٹوں کے باوجود اللہ نے پہلے سے بڑھ کر مسلمانوں کو راستے دیے۔

معاشرے میں مثبت تبدیلی دعوت و خدمت کے ذریعے ممکن ہے۔ کارکنان اللہ کے عطاکردہ انعامات پر شکر ادا کرتے ہوئے دعوت و خدمت کا دائرہ مزید وسیع کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعة الدعوة کراچی زون کی شب تربیت سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تربیتی پروگرام سے عالم دین شیخ عبدالعزیز، جامعہ الدارسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی، جماعة الدعوة کے رہنما عبداللہ غازی اور حافظ محمد امجد نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

تربیتی پروگرام میں شہر بھر سے جماعة الدعوة کے ذمے داران و کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ جماعة الدعوة کراچی کے مسئول ڈاکٹر مزمل اقبال ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ذاتی پسند اور مفادات کی بنیاد پر گروہ بندی عالم اسلام کے لیے نقصان دہ ہے۔ موجودہ دور میں تفرقہ بازی سے نجات حاصل کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔ صرف رضائی الٰہی کی خاطر جدوجہد کرنا ہر دور میں مسلمانوں کا لائحہ عمل رہا ہے۔

جماعة الدعوة عوامی شعور کی بیداری کے لیے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں خدمات سرانجام دے رہی ہے۔ نوجوان بھی احیائے اسلام کے لیے اپنی صلاحتیں صرف کریں۔ معروف عالم دین شیخ عبدالعزیز نے کہا کہ اللہ کی رضا کے لیے آپس میں محبت کرنا ایمان کا تقاضہ ہے۔ مسلمان نفرتوں کے خاتمے کے لیے ایثار و قربانی کی اعلیٰ مثال قائم کریں۔ انسانیت کی خدمت سے ہی دعوت کے راستے کھلتے ہیں۔

جامعہ الدراسات الاسلامیہ کے مدیر مفتی محمد یوسف طیبی نے کہا کہ فتنوں کے دور میں راہ نجات کے لیے کتاب و سنت کی تعلیمات پر تمسک اختیار کیا جائے۔ مسلمانوں کے مابین دوستانہ رویے کی فضا قائم کرنے کی ضرورت ہے۔ ایسے اعمال سے اجتناب کیا جائے جو ہماری نیکیوں کے لیے زہر قاتل کی حیثیت رکھتے ہو۔ جماعة الدعوة کے رہنما عبداللہ غازی نے کہا کہ قرآن مجید تمام انسانوں کے لیے سرچشمہ ہدایت ہے۔

مسلمانوں کے لیے لازم ہے کہ قرآن کے تمام احکامات پر عمل بجا لائیں۔ اگر قرآن کی تعلیمات کو پس پشت ڈالیں گے تو ناکام و نامراد رہیں گے۔ حافظ محمد امجد نے کہا کہ غلبہ اسلام کے لیے حکمت اور خلوص نیت کے ساتھ دعوت الی اللہ کی ضرورت ہے۔ ہر شخص کو اپنا جائزہ لینا چاہئے کہ وہ اعلائے کلمة اللہ کے لیے کیا کردار ادا کر رہا ہے۔ غلبہ اسلام کے لیے وہی لوگ جدوجہد کرتے ہیں، جنہیں اللہ تعالیٰ اپنے دین کے لیے منتخب کرلیتا ہے۔