شہداء کشمیر کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا، محمد یاسین ملک

حصول مقصد تک شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائیگا،عدالتی احکامات کے باوجود حریت پسند رہنمائوں ،کارکنوں کی دوبارہ گرفتاری قابل مذمت ہے، تقریب سے خطاب شہید سجاد احمد کینو اورشہیدمظفر احمد نائیکو کو یاسین ملک ، نعیم احمد اور نقاش یوسف کاشاندار خراج عقیدت

پیر 9 جنوری 2017 18:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) مقبوضہ کشمیر میں جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک، حریت رہنمائوں نعیم احمد خان اور محمد یوسف نقاش نے شہید سجاد احمد کینو کو ان کے اکیسویںیوم شہادت پر اورحال ہی میں شہید ہونے والے سوپور کے نوجوان مظفر احمد نائیکو کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے نوجوان قوم کے بہتر مستقبل کے لئے اپنا آج قربان کررہے ہیں۔

کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محمد یاسین ملک نے شہید سجاد کینو کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شہداء کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں کیا جاسکتا۔انہوں نے کشمیریوں کے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حصول مقصد تک شہداء کے مشن کو جاری رکھا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے عدالتی احکامات کے باوجود حریت پسند رہنمائوں اور کارکنوں کو دوبارہ گرفتار کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایمنسٹی انٹرنیشنل ، ایشیا واچ ، ریڈ کراس اور انسانی حقوق کی دیگرعالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ آگے آئیں اور نظربند کشمیریوں کی زندگیاں بچانے میں اپنا کردار اداکریں۔

نعیم احمد خان نے ایک بیان میںکہاکہ شہداء کی قربانیوں کا تحفظ کرنا اور تحریک آزادی کو اس کے منطقی انجام تک پہنچاناہماری اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کی کامیابی کے لئے ہم سب کو انفرادی اور اجتماعی سطح پر ہر طرح کی قربانی دینے کے لئے ہمہ وقت تیار رہنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے یہ نوجوان ہمارے ہیرو ہیںجو وطن کی آزادی کی خاطر اپنی زندگیاں قربان کررہے ہیں۔

حریت رہنما نے کہا کہ بھارت اپنی فوجی قوت کے بے تحاشا استعمال کے باوجود اس تحریک کو ختم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے کیونکہ یہ تحریک کشمیری عوام نے شعوری بیداری کے ساتھ شروع کی ہے اور اسے پروان چڑھانے کے لئے بیش بہا قربانیاں دی جاچکی ہیں۔نعیم خان نے کہا ہے کہ وقت آگیا ہے کہ بین الاقوامی برادری مسئلہ کشمیر حل کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کرے کیونکہ یہ تنازعہ پورے جنوبی ایشیا کے امن و استحکام کیلئے خطرہ بن چکا ہے اوراس کی وجہ سے دو جوہری طاقتیں حالت جنگ میں ہیں۔

دریں اثناء حریت رہنما محمد یوسف نقاش کی قیادت میں ایک وفد سوپور میںشہید مظفر احمد نائیکو کے گھر گیا اور ان کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا ۔ وفد میںتحریک مزاحمت کے جنرل سیکرٹری سلیم زرگر اور ااسلامک پو لٹیکل پارٹی کے رہنما عدنان سلفی ،سجاد احمد لون اور شہزاد احمد شامل تھے ۔

متعلقہ عنوان :