افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل نکلسن کا پاکستان کا دورہ‘ پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی‘ آئی ایس پی آر

پیر 9 جنوری 2017 18:13

راولپنڈی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جنوری2017ء) افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل نکلسن نے پاکستان کا دورہ کیا اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملاقات کے دوران انٹرنیشنل سیکورٹی اسسٹنس فورس(ایساف)اور ریزولوٹ سپورٹ مشن(آر ایس ایم) کی افغانستان میں قیام امن اور استحکام کے لئے کوششوں کو سراہا ۔

انہوں نے افغانستان میں سکیورٹی چیلنجز سے خود نمٹنے کے لئے افغان نیشنل سکیورٹی فورسز کی استعداد کار بڑھانے سے متعلق ریزولوٹ سپورٹ مشن (آر ایس ایم) کے مستقل تعاون کی تعریف کی ۔آرمی چیف نے زور دیا کہ ریزولوٹ سپورٹ مشن دو طرفہ پاک افغان سرحدی انتظام کے لئے اپنا کردار ادا کرے ۔

(جاری ہے)

قبل ازیں افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل نکلسن اور پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شمالی وزیرستان ایجنسی کے علاقے میرانشاہ کا مشترکہ دورہ کیاجہاں پر جنرل آفیسر کمانڈنگ نے دہشت گردی کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب اور سماجی ترقی کی سرگرمیوں بشمول عارضی طور پر نقل مکانی کرنے والے افراد کی واپسی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی ۔

جنرل نکلسن نے میرانشاہ بازار کا بھی دورہ کیا جہاں پر پاک فوج کی زیر نگرانی ترقیاتی کاموں کا مشاہدہ کیا۔افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل نکلسن نے پاک فوج کے کامیاب آپریشن کی تعریف کی ۔مہمان شخصیت نے دوطرفہ بارڈر سکیورٹی سے متعلق کوآرڈینیشن کی ضرورت کا اعتراف کیا ۔قبل ازیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ اور افغانستان میں امریکی فوج کے کمانڈر جنرل نکلسن میرانشاہ پہنچے تو کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل نذیر احمد بٹ نے ان کا خیر مقدم کیا ۔