لیاقت بلوچ سے مکہ مکرمہ میں شمالی وزیرستان اور فاٹا کے دیگر علاقوں کے معززین کی ملاقات

پیر 9 جنوری 2017 21:18

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جنوری2017ء) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان، سابق ممبر قومی اسمبلی لیاقت بلوچ سے مکہ مکرمہ میں شمالی وزیرستان اور فاٹا کے دیگر علاقوں کے معززین نے ملاقات کی اور فاٹا کی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا ۔ قبائل کے معزز ین نے لیاقت بلوچ کو آئی ڈی پیز کی مشکلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہاکہ طویل مدت سے گھروں سے بے گھر رہنے کی وجہ سے قبائلی علاقہ جات میں عوام ان گنت مشکلات سے دوچار ہیں ۔

دور غلامی کے قونین فاٹا کے عوام کے لیے انسانیت کی توہین کے مترادف ہیں ۔ لیاقت بلوچ نے فاٹا کے معززین ،جو عمرے کے لیے آئے ہوئے ہیں سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی نے آئی ڈی پیز کے لیے مقدور بھر خدمات پیش کی ہیں ۔ ہم حکومت سے مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں کہ فاٹا کے عوام کے مسائل حل کیے جائیں ۔

(جاری ہے)

جرگہ کی مجموعی سفارشات کو ضائع نہ کیا جائے اور غیر جمہوری ، غیر انسانی سوچ ترک کی جائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ ہمارا مطالبہ ہے کہ وفاقی حکومت ایف سی آر کا خاتمہ کرے ، فاٹا کو خیبر پختونخوا کا حصہ بنانے کے لیے ماحول ساز گار بنائے ۔ فاٹا میں مردم شماری کرائی جائے ۔ فا ٹا کے عوام کا حق ہے کہ انہیں بلدیاتی نظام اور صوبائی اسمبلی میں نمائندگی دی جائے ۔ آئین کے آرٹیکل 247 میں ایسی ترمیم کی جائے کہ اس علاقہ میں بھی مالاکنڈ ڈویژن کے طور پر انتظامی اور عدالتی نظام متعارف ہو، فاٹا کے عوام کو تعلیم ، صحت ، روزگار اور انصاف کے حصول کے حقوق دیے جائیں ۔ فاٹا کو این ایف سی ایوارڈ میں سے 6 فیصد حصہ دیا جائے ۔ فاٹا کے عمائدین نے کہاکہ شریعت کا نفاذ ہی ہمارے مسائل کا حل ہے ۔