وزیر اعظم کی منی ٹریل فراڈ ہے ،حدیبیہ پیپر مل کا ریفرنس دوبارہ کھولا جائے ، وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا،وزیر اعظم کو تحفے میں ملے 81 کروڑ کا حساب لیا جائے، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، نیب نہیں جو ثبوت دے، جتنے ثبوت دے چکے امید ہے کافی ہیں،حسین نواز کے نامعلوم ذرائع آمدن جانے بغیر کیس آگے لے جانا مشکل ہے،بیگم کلثوم نواز نے 1992-93میں لندن فلیٹس کا معائنہ کیا تھا، وقت آ گیا ہے کہ قوم کو سچ بولا جائے،مریم نواز کا جواب آگیا ،وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کا بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کرایا جائے، منی لانڈرنگ سے متعلق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا بیان موجود ہے، حدیبیہ پیپر مل کا ریفرنس وزیر اعظم نواز شریف کی عدم موجودگی کی وجہ سے بند کیا گیا تھا، اب واپس آ گئے ہیں، کیس دوبارہ کھولا جائے

پی ٹی آئی رہنمائوں جہانگیر ترین ، نعیم الحق ، فواد چوہدری، اعجاز چوہدری اور شبلی فراز کی سپریم کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو

پیر 9 جنوری 2017 22:07

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 09 جنوری2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنمائوں جہانگیر ترین ، نعیم الحق ، فواد چوہدری، اعجاز چوہدری اور شبلی فراز نے وزیر اعظم کی منی ٹریل کو فراڈ قرار دیتے ہوئے حدیبیہ پیپر مل کا ریفرنس دوبارہ کھولنے کا مطالبہ کر دیا اور کہا ہے کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا،وزیر اعظم کو تحفے میں ملے 81 کروڑ کا حساب لیا جائے، پی ٹی آئی سیاسی جماعت ہے، نیب نہیں جو ثبوت دے، جتنے ثبوت دے چکے امید ہے کافی ہیں،حسین نواز کے نامعلوم ذرائع آمدن جانے بغیر کیس آگے لے جانا مشکل ہے،بیگم کلثوم نواز نے 1992-93میں لندن فلیٹس کا معائنہ کیا تھا، وقت آ گیا ہے کہ قوم کو سچ بولا جائے،مریم نواز کا جواب آگیا ،وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کلثوم نواز کا بیان حلفی بھی عدالت میں جمع کرایا جائے، منی لانڈرنگ سے متعلق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا بیان موجود ہے، حدیبیہ پیپر مل کا ریفرنس وزیر اعظم نواز شریف کی عدم موجودگی کی وجہ سے بند کیا گیا تھا، اب واپس آ گئے ہیں، کیس دوبارہ کھولا جائے۔

(جاری ہے)

وہ پیر کو پانامہ کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت عظمیٰ کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔جہانگیر ترین نے کہا کہ پی ٹی آئی ایک سیاسی جماعت ہے نیب نہیں جو ثبوت دے، ثبوت دینا ہمارا کام نہیں ہے۔ جتنے ثبوت دے چکے امید ہے کافی ہیں۔ اس موقع پرپانامہ کیس میں پی ٹی آئی کے ترجمان فواد چوہدری نے کہا کہ شریف خاندان کے دبئی مل 12 ملین میں بیچنے کے کوئی ثبوت نہیں ملے، جبکہ وزیرا عظم نے جو منی ٹریل دکھائی وہ فراڈ ہے، 81 کروڑ روپے پاکستانی سے ہنڈی کے ذریعے باہر بھیجے گئے بعد ازاں یہی پیسے تحفے کے طور پر واپس لائے گئے، اس 81 کروڑ کا حساب ہونا ضروری ہے، وزیر اعظم نے مریم نواز کو 61 کروڑ روپے 2011کے بعد سے تحفے کے طور پر دیئے۔

انہوں نے کہا کہ پاناما کیس سیاسی کیس ہے، اس کا تعلق 20 کروڑ عوام سے ہے، دلائل سارے موجود ہیں،فیصلہ آنا باقی ہے، سپریم کورٹ میں 2011 میں اسحاق ڈار کے بیان حلفی کو رد نہیں کیاگیا،اسحاق ڈار کے بیان حلفی میں منی لانڈرنگ کے ثبوت ہیں، حدیبیہ پیپر مل کا ریفرنس وزیر اعظم نواز شریف کی عدم موجودگی کی وجہ سے بند کیا گیا تھا، اب واپس آ گئے ہیں، کیس دوبارہ کھولا جائے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ دستاویز کے مطابق مریم نواز منروا کمپنی کی واحد بینیفشری ہیں، جبکہ مریم نواز 61کروڑ روپے بطور تحفہ لے چکی ہیں،حسین نواز کے نامعلوم ذرائع آمدن جانے بغیر کیس آگے لے جانا مشکل ہے،ہمارے دلائل اخری مراحل میں ہیں، سپریم کورٹ نے بھی کہا ہے کہ وزیر اعظم صادق اور امین نہیں رہے،وزیر داخلہ کا بیان ہے کہ لندن فلیٹس1996میںخریدے گئے،بیگم کلثوم نواز نے 1992-93میں لندن فلیٹس کا معائنہ کیا تھا،وزیراعظم نے کہا کہ فلیٹس 2005میں خریدے گئے جبکہ حسین نواز نے کہا کہ فلیٹس1995میں خریدے گئے،ہم نے ثابت کر دیا اب نواز شریف کے وکلا کی باری ہے۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان پی ٹی آئی نعیم الحق نے کہا کہ پاناماکیس بنیادی طور پر ایک سیاسی کیس ہے، جبکہ اس کیس کی بڑی تاریخی اہمیت ہے، قوم کو پاناما کے حوالے سے سچ بتانا چاہیے، نواز شریف کا اب ائینی حق نہیں رہا کہ وہ وزیر اعظم رہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ عدالت کا فیصلہ ہوگا کہ وزیر اعظم کو طلب کیا جائے یا نہیں، وزیر اعظم کی صاحبزادی کا جواب آچکا ہے، ہم چاہتے ہیں کہ وزیر اعظم اور ان کی اہلیہ کا بیان حلفی بھی آئے۔

نعیم الحق نے کہا کہ پاناما کیس ختم ہونے سے تحریک انصاف کی کرپشن کے خلاف تحریک ختم نہیں ہوگی، پاناما صرف کرپشن کے خلاف جدوجہد کا ایک حصہ ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے سے سچ سامنے آجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے گا، بیگم کلثوم نواز لندن فلیٹس خریدنے میں ملوث رہیں،بیگم کلثوم نواز نے 1992-93میں لندن فلیٹس کا معائنہ کیا تھا،سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ وہ شواہد کو سامنے رکھ کر فیٖصلہ کرے گی۔

پی ٹی آئی رہنماء اعجاز چوہدری نے کہا کہ صرف عمران خان اور نواز شریف کی لڑائی نہیں پانامہ کا کیس پوری قوم کا مسئلہ ہے،نواز شریف نے تینوں مرتبہ وزیر اعظم بن کر ملک کو لوٹا،ہمارے دلائل مکمل ہو چکے ہیں،بہاولپور میں پی ٹی آئی کے جلسے میں لاکھوں لوگوں نے شرکت کر کے ہمارے موقف کی تائید کر دی۔سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ یہ پورے پاکستان کیلئے ٹرننگ پوائنٹ ہے، پہلی مرتبہ اتنے بڑے خاندان کو احتساب کیلئے عدالت لے آئے ہیں،اب ان کا احتساب کرنا عدالت اور عوام کا کام ہے، لوٹ مار کا سلسلہ اب بند ہونا چاہیے ۔(ار)